بی جے پی کی حکمرانی کے دوران مقبوضہ جموں وکشمیرمیں ایک کے بعد دوسرا گھپلا ہورہا ہے، عام آدمی پارٹی

پیر 8 اگست 2022 14:10

جموں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2022ء) غیرقانونی طوپربھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں عام آدمی پارٹی نے کہا ہے کہ علاقے پر بھارتیہ جنتا پارٹی کی براہ راست حکمرانی کے دور میں ایک کے بعد دوسرا گھپلا سامنے آرہا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق عام آدمی پارٹی کے رہنما او پی کھجوریہ نے جموں میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقبوضہ جموں وکشمیرمیں بھرتی مافیا کے تمام روابط کو بے نقاب کرنے کے لیے تحقیقات کا مطالبہ کیا کیونکہ بی جے پی کے رہنما پولیس سب انسپکٹروں کی بھرتی کے معاملے میں براہ راست ملوث پائے گئے ہیں۔

اوپی کھجوریا نے کہا بھارتیہ جنتا پارٹی کے یہاں براہ راست یا بالواسطہ حکمرانی کے بعد گھپلے پرگھپلہ سامنے آرہا ہے۔انہوں نے کہا کہ 2014میں بی جے پی-پی ڈی پی حکومت کے اقتدار سنبھالنے کے فوراً بعد اور گورنر انتظامیہ کے دور میں بڑے بڑے گھپلوں نے جموں و کشمیر کو ہلا کر رکھ دیا اور کچھ گھپلوں کو چھپایاگیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ بی جے پی کے سابق رکن اسمبلی نے پچھلے سال جموں و کشمیر میں کان کنی کے ایک گھپلے کا پردہ فاش کیا تھا اور دعوی ٰکیا تھا کہ رقم کا ایک حصہ وزیر اعظم کے دفتر کو بھی جا رہا ہے لیکن بعد میں اس معاملے پر خاموشی اختیار کر لی گئی اور بی جے پی کے اپنے سابق قانون ساز کی طرف سے لگائے گئے تمام سنگین الزامات کی ابھی تک کوئی تحقیقات نہیں کی گئی۔

عام آدمی پارٹی کے رہنما نے کہا کہ جموں و کشمیر کے ایک سابق لیفٹیننٹ گورنر نے پن بجلی منصوبوں میں ایک بڑے گھپلے کا پردہ فاش کیا اور بتایا کہ کس طرح انہیں دو فائلوں کی منظوری کے لیے بھاری رقم کی پیشکش کی گئی اور یہ سب بی جے پی کے دور حکومت میں ہوا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پن بجلی منصوبوں کے نام پر ایک بہت بڑا گھپلہ ہوا ہے۔ او پی کھجوریا نے کہاکہ حال ہی میں سامنے آنے والے پولیس سب انسپکٹروںکی بھرتی کے گھپلے میں بی جے پی لیڈروں کے نام سامنے آئے ہیں یہاں تک کہ بی جے پی کے ڈی ڈی سی ارکان بھی اس گھپلے سے براہ راست جڑے ہوئے ہیں۔