10محرم الحرام کے مرکزی و دیگر 153جلوسوں اور 25مجالس کیلئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات ،ہائی الرٹ جاری

پیر 8 اگست 2022 15:12

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2022ء) فیصل آباد میں 10محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ جعفریہ ٹرسٹ سے صبح 8 بجے برآمد ہو گا جو نڑ والا روڈ سے بھوآنہ بازار کے راستے گھنٹہ گھر میں داخل ہو گا،گھنٹہ گھر سے کچہری بازار اور کچہری بازار سے گول بازار،ریل بازار اور ریل بازار سے دوبارہ گھنٹہ گھر راؤنڈ اباؤٹ میں داخل ہو کر امین پور بازار سے ہوتا ہوا کوتوالی چوک پہنچے گا اور کوتوالی چوک سے نڑ والا روڈ سے ہو کر غروب آفتاب کے وقت مرکزی امام بارگاہ جعفریہ ٹرسٹ پر اختتام پذیر ہو گا۔

آج10محرم الحرام کے روز ضلع بھر میں 25مجالس جن میں 2اے کیٹیگری،5بی کیٹیگری اور 18سی کیٹیگری شامل ہیں منعقد ہوں گی جبکہ 153جلوس میں 17اے کیٹیگری،20بی کیٹیگری اور 116سی کیٹیگری کے جلوس نکالے جائیں گے۔

(جاری ہے)

اقبال ڈویژن میں سب سے زیادہ 7مجالس،جڑانوالہ ڈویژن میں 5،لائلپور ڈویژن میں 6،مدینہ ڈویژن میں 4اور صدر ڈویژن میں 3مجالس کا اہتمام ہو گاجبکہ 10محرم الحرام کے روز 153جلوس جن میں اقبال ڈویژن میں سب سے زیادہ 40جلوس، صدر ڈویژن میں 39،جڑانوالہ ڈویژن میں 37،مدینہ ڈویژن میں 24اور لائلپور ڈویژن میں 13جلوس نکالے جائیں گے جن کی سکیورٹی کیلئے 5ایس پیز،18ڈی ایس پیز،12 انسپکٹرز،75سب انسپکٹرز،330اے ایس آئیز اور 3423سے زائد جوان تعینات کئے گئے ہیں جبکہ 10ایلیٹ فورس کی ٹیمیں بھی مجالس اور جلوسوں کے ارد گرد گشت کرتی رہیں گی۔

اس کے علاوہ 500سے زائد قومی رضا کار اور والٹنئیر زبھی پولیس کے ہمراہ ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔جلوسوں کیلئے 4پرت حصار قائم کئے گئے ہیں جن میں سے سب سے پہلے والٹنئیرز کے ذریعے بندے کی شناخت اور سرچ کی جائے گی، دوسرے مرحلے میں خواتین وحضرات مجلس کیلئے ایک راستے سے داخل ہو سکیں گے،تیسرے مرحلے میں واک تھرو گیٹ میٹل ڈیٹیکٹرز سے سویپنگ کی جائے گی جبکہ چوتھے اور آخری مرحلے میں عبادت گاہوں کے ہال میں بھی سکیورٹی تعینات کی جائے گی تاکہ امن و امان کو یقینی بنایا جا سکے۔