فیصل آباد سٹی ٹریفک پولیس نے یوم عاشورکاٹریفک پلان جاری کردیا، 931افسران و اہلکار ڈ یوٹی سرانجام دیں گے

پیر 8 اگست 2022 16:23

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2022ء) سٹی ٹریفک پولیس فیصل آباد نے یوم عاشورکاٹریفک پلان جاری کردیا اورموٹر سائیکل پر ڈبل سواری پر پابندی عائدکردی ہے جبکہ ٹریفک پولیس کے 931افسران و اہلکارآج ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے ڈ یوٹی سرانجام دیں گے نیز 77پوائنٹس کو بیریرز پوائنٹس بھی قرار دیدیا گیاہے۔ چیف ٹریفک آفیسر فیصل آباد میاں محمد اکمل نے اے پی پی کو بتایا کہ ستیانہ روڈ پر آنے والی لائٹ ٹرانسپورٹ کو پہاڑی گراؤنڈ سے سیدھا مقبول روڈ کراس کرواتے ہوئے اتحاد روڈ سے سمندری روڈ پر گزار ا جاے گا اسی طرح جڑانوالہ روڈ سے آنے والی ایل ٹی وی ٹریفک کو چونگی جڑانوالہ سے جانب مچھلی فارم ڈائیورٹ کیا جاے گا جو کہ ستیانہ روڈ پر آ سکے گی جبکہ جھنگ روڈ سے آنے والی ٹریفک کو راجباہ روڈ اور جناح کالونی چوک سے جیل روڈ پر ڈائیورٹ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہری ٹریفک پولیس کا ساتھ دیتے ہوئے ڈائیورشن پوائنٹس سے ہٹ کر متبادل روٹس پر اپنی گاڑیوں کو گزاریں۔میاں محمد اکمل نے کہا کہ ٹریفک کے جوانوں کی ویلفیئرکیلئے انہیں پوائنٹس پر جا کر کھانا اور پانی فراہم کیا جارہا ہے اور اس سلسلہ میں ٹریفک پولیس کی ویلفیئر اور ایجوکیشن برانچز متحرک ہیں۔انہوں نے کہا کہ یوم عاشور کے موقع پر عوامی خدمت میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ الر ٹ ٹریفک نفری عاشورہ کے اختتام تک سڑکوں پر موجود ہے جبکہ سڑکوں کی صورت حال پر کڑی نظر رکھنے کیلئے ٹریفک کنٹرول روم اور ہیلپ لائن 1915بھی متحرک ہیں۔