ہر سال آمدنی بڑھنے کے باوجود موبائل کمپنیوں کی سروسز غیر تسلی بخش ہوتی جارہی ہیں، صدر سمال چیمبر الطاف میمن

پیر 8 اگست 2022 16:23

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2022ء) حیدرآباد چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹری کے صدر محمد الطاف میمن نے اپنے اخباری بیان میں کہا ہے کہ موبائل کمپنیاں دعویٰ فور جی سروس کا کرتی ہیں لیکن سروس ٹو جی بھی مکمل فراہم نہیں کررہی ہوتی ہیں۔ جبکہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے اعداد وشمار کے مطابق ٹیلی کام سیکٹر کی شاندار پیشرفت کے نتیجے میں مالی سال 2021 میں اَب تک کی سب سے زیادہ 644 ارب روپے کی آمدنی ہوئی ہے جو کہ گزشتہ سال میں 592 ارب روپے تھی۔

(جاری ہے)

اْنہوں نے کہا کہ تمام تر منافعوں اور بے تحاشہ کمائی کے باوجود موبائل کمپنیاں اپنی سروس کے معیار کو بہتر نہیں بنا سکیں جبکہ شہری موبائل سروسز کی مد میں کروڑوں روپے ٹیکس ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوڈ شیڈنگ کے اوقات پر کچھ کمپنیوں کے تو سگنلز تک غائب ہو جاتے ہیں اور ان کی سروس اوسط سطح سے بھی نیچے آجاتی ہیں۔ صدر چیمبر نے پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی کے چیئرمین سے مطالبہ کیا کہ وہ موبائل کمپنیوں کو خراب سروسز فراہم کرنے پر نوٹس جاری کریں اور ان کمپنیوں پر خراب سروسز کے خلاف بھاری جرمانہ عائد کیا جائے اور آئندہ کے لیے اپنی سروسز بہتر بنانے کے لیے تنبیہ کی جائے تاکہ عوام اور کاروباری حضرات اپنی سرگرمیوں کو جاری رکھ سکیں۔

متعلقہ عنوان :