آئی جی اسلام آباد کا 09محرم الحرام کے دن مرکزی امام بارگاہ اثناءعشریٰ G-6کا دورہ

پیر 8 اگست 2022 17:17

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2022ء) آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر اکبر نا صر خاں نے 9محرم الحرام کو وفاقی دارلحکومت میں مرکزی امام بارگاہ اثنا ءعشریٰ جی سکس کا دورہ کیا،مرکزی امام بارگاہ اور جلوس کے حفاظتی اقداما ت کا جائز ہ لیا،دورے کے دوران ایس ایس پی آپریشنز اور ایس ایس پی ٹریفک نے سکیورٹی انتظامات کے متعلق بریف کیا، اس موقع پر آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ اسلام آباد کیپیٹل پولیس نے محرم الحرام کے دوران ضلع بھر میں سخت سکیورٹی انتظامات کئے ہیں ، اس سلسلے میں09محرم الحرام کے دن مجالس اور جلوسوں کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے اسلام آباد کیپیٹل پولیس کے2200افسران و جوان تعینات ہیں ، مرکزی امام بارگاہ اور جلوس کی سخت نگرانی کیلئے سیف سٹی کیمروں اور ڈرونز کی مدد سے مانیٹرنگ جاری ہے، جسکا مرکزی کنٹرول روم سیف سٹی میں قائم ہے، سیف سٹی اسلام آباد کے کل 2 ہزار 66 میں سے 2 ہزار 50 کیمروں ںسے نگرانی و سرویلنس جاری ہے، بہترین ٹیلی کمیونیکشن سسٹم کیلئے پانچ سال میں پہلی مرتبہ پولیس4G نیٹ ورک کو مکمل طور پر بحال کر دیا گیا ہے،جلوس میں شامل عزاداروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے تمام تر تکنیکی وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں،09محرم الحرام کے روز مرکزی جلوس کے پیشہ نظر ضلع بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ ہے اور وفاقی دارلحکومت کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے،کسی بھی ناخوشگوار واقع سے نمٹنے کیلئے کوئیک ریسپانس فورس تیار ہے،جلوس کی سکیورٹی کویقینی بنانے کیلئے بم ڈسپوزل سکواڈ جلوس کے راستوں کو جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے کلئیر کررہی ہے،شہریوں کیلئے جلوس میں داخلہ کیلئے پو ائنٹ مختص کئے گئے ہیں جسکی نگرانی کیلئے پولیس کی بھاری نفری موجود ہے،خواتین کی چیکنگ کیلئے لیڈی پولیس اہلکار تعینا ت ہیں اور جلوس میں داخلے کیلئے علیحدہ سے انٹر ی پوائنٹ موجود ہیں ،جلوس کی تمام تر سکیورٹی انتظامات کی نگرانی ڈی آئی جی آپریشنز سہیل ظفر چھٹہ خود کررہے ہیں،آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ اسلام آباد میں امن و عامہ کی صورتحال کو یقینی بنانے کیلئے اسلام آباد کیپٹل پولیس ہماوقت تیار ہے، کسی بھی عنا صر کو امن وامان کی صورتحال کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔