Live Updates

پی ٹی آئی کو 13 اگست کو پریڈ گراؤنڈ میں پرامن جلسے کی اجازت ہے، ہماری تمام تیاری مکمل ہے،

قانون توڑا تو ان کا25 مئی سے بھی برا حشر ہوگا،فوج کے خلاف ٹرینڈ چلانے والے گمراہی کا شکار ہیں، وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کی میڈیا سے بات چیت

پیر 8 اگست 2022 18:22

پی ٹی آئی کو 13 اگست کو پریڈ گراؤنڈ میں پرامن جلسے کی اجازت ہے، ہماری ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2022ء) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو 13 اگست کو پریڈ گراؤنڈ میں پرامن جلسے کی اجازت ہے جبکہ ہماری تمام تیاری مکمل ہے لہٰذا اگر کسی نے قانون توڑا،دھونس دھاندلی یا بلیک میلنگ کی کوشش کی تو ان کا25 مئی سے بھی برا حشر ہوگانیزفوج کے خلاف ٹرینڈ چلانے والے گمراہی کا شکار ہیں جبکہ قوم اپنی پاک فوج اور شہدا کے شانہ بشانہ کھڑی اور ان کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے ، ہم ہیلی کاپٹر سانحے میں شہدا کی مغفرت کیلئے دعا گو ہیں ، قوم میں کوئی ایک آدمی بھی ایسا نہیں ہوگا جو فوج سے پیار نہ کرتا ہوگامگر اس کے باوجودعمران خان قوم کو کسی حادثے سے دوچار کرے گاکیونکہ پی ٹی آئی کا سربراہ قوم کو تقسیم ونوجوانوں کو گمراہ کر رہا ہے اور الیکشن کمیشن کے فارن فنڈنگ کیس کے فیصلے کے بعد کوئی شک و شبہ نہیں رہابلکہ یہ ثابت ہوگیا ہے کہ عمران خان بیرونی ایجنٹ ہے جو بیرونی فنڈنگ سے ملک میں انارکی پھیلانا چاہتا ہے لیکن اب قوم اس کو اس کی اجازت نہیں دے گی۔

(جاری ہے)

وہ پیر کی سہ پہر لسبیلہ ہیلی کاپٹر سانحہ میں دیگر فوجی افسران کے ہمراہ جام شہادت نوش کرنیوالے بریگیڈیئر محمد خالد کی رہائش گاہ ستارہ ویلی فیز تھری شیخوپورہ روڈ فیصل آباد آمد اورشہید کے بھائی محمد فیصل و خاندان کے دیگر افراد سے ملاقات و اظہار افسوس کے بعد میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وہ بریگیڈیئر محمد خالد شہید کی فیملی کے ساتھ تعزیت کیلئے آئے ہیں جوسیلاب متاثرین اوردکھی انسانیت کی خدمت میں کوشاں تھے۔

انہوں نے کہا کہ شہید کے بھائی فیصل نے بتایاکہ ان کے بھائی ہمیشہ شہادت کی خواہش کرتے تھے کیونکہ وہ کہتے تھے کہ شہید کی موت قوم کی حیات ہے اورقرآن پاک میں بھی شہید کو زندہ کہا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج کا کردار ہمیشہ اعلیٰ رہا ہے اور پوری قوم کو ان پر فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ قوم ایسے تمام شہدا جنہوں نے قوم کی حفاظت قومی سانحات، قدرتی آفات، زلزلوں، سیلابوں اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جام شہادت نوش کیا ان کو سلام پیش کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے جوان اور اسی طرح ملک و قوم کے22 کروڑ عوام پاک فوج سے محبت کرتے ہیں مگرعمران قوم کوگمراہ کر رہا ہے تاہم شہدا کی قربانیوں کی وجہ سے ایسے لوگوں کی نشاندہی ہو گئی ہے جو قوم کو گمراہ اور ملک دشمنی کے مرتکب ہوئے ہیں۔ رانا ثنااللہ نے کہا کہ عمران خان کے اقدامات پرسوسائٹی میں ہر بندہ دکھی ہے یہی نہیں بلکہ افغانستان سے بھی ایمن الظواہری کے واقعہ کے بعد ایسا ٹرینڈنہیں بنایا گیا جیسا عمران خان اور اس کے پیروکاروں نے پاکستان میں بنایا۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد کوئی شک نہیں رہا کہ عمران خان فارن ایجنٹ ہے۔انہوں نے کہا کہ فوادچوہدری ایک بار ان کے حق میں بات کر بیٹھے تھے جس پر پارٹی میں ان کی چھترول ہوئی جس کے بعدوہ ان کے خلاف بات کرنے کیلئے بیلنس رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی منافقت دیکھیں کہ ایک طرف کہتا ہے کہ اس الیکشن کمیشن کے ہوتے ہوئے نئے الیکشن نہیں کروائیں گے اور دوسری طرف کہتا ہے کہ الیکشن کیلئے ایک ماہ کا الٹی میٹم دیں گے مگر میں پوچھتا ہوں کہ وہ کس بات کا الٹی میٹم دیں گے یہ پہلے الیکشن کمیشن کو تو ہٹالیں جب وہ ہٹ جائیں گے پھر یہ الیکشن کی بات کرلیں۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن سے پہلے کے پی کے اور پنجاب کی اسمبلیاں توڑیں اور قومی اسمبلی سے اپنے استعفے منظور کروائیں پھر الیکشن کی بات کریں۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ توشہ خانہ میں عمران نے کوئی چیز نہیں چھوڑی اور انتہائی غیر قانونی و غیر اخلاقی کام کیابلکہ اس کی وجہ سے ہمارے ایک دوست ملک کے ساتھ تعلقات خراب ہوئے کیونکہ اس نے اس ملک کی تحفے میں دی گئی انتہائی قیمتی گھڑی بیچ دی جس کا انہیں علم ہوگیا بعدازاں اس نے اس رقم میں سے20 فیصد رقم جمع کروادی اور80 فیصد رقم خود کھا گیا اس طرح اس نے کروڑوں روپے کا فائدہ اٹھایا مگر اس کو ڈکلیئر نہیں کیا جو سنگین جرم ہے لہٰذا جس دن توشہ خانہ کا ریفرنس جمع ہوا عمران خان نااہل ہوگا اور گرفتار بھی۔

انہوں نے کہا کہ ایک طرف نواز شریف کوبیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نااہل کردیا گیامگر دوسری جانب اسے چھوٹ دی جارہی ہے لیکن اب ایسا نہیں ہوگا کہ ایک ملک میں دو قانون چلیں۔انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کا ایک آئینی کردار ہے لہٰذا ہر کسی کو اپنی آئینی و قانونی حدود میں رہ کر امور سلطنت کو چلانا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ہم ملک کے نظام میں صوبوں کے کردار کو تسلیم کرتے ہیں لیکن عمران خان جس قسم کی باتیں کر رہے ہیں وہ دہرائی نہیں جاسکتیں۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت دو انتہائی اہم انکوائریاں چل رہی ہیں جن میں سے ایک لسبیلہ کے واقعہ کے بعد فوج کے خلاف چلائی جانیوالی مہم اور دوسری فارن فنڈنگ کیس کے فیصلے سے متعلق ہے لہٰذا جب ان کی رپورٹس آئیں گی اور ان میں جو بھی قصور وار پایا جا ئے گا ان کے خلاف سخت قانونی کاروائی ہوگی اور کسی کو معاف نہیں کیا جا ئے گا۔ رانا ثنااللہ خان نے کہا کہ عمران خان فارن ایجنٹ اور اسرائیل، انڈیا و بیرونی پیسے سے ملک میں انارکی پھیلانے کے ایجنڈے پر کام کررہا ہے جسے کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جا ئے گا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے پہلے الیکشن کمشنر کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائر کیا مگر پھر واپس لے لیا اس طرح ان کا یو ٹرن پر یو ٹرن جاری ہے لہٰذا یہ ہمیں کوئی دو نمبر الٹی میٹم نہ دیں۔رانا ثنااللہ نے کہا کہ ٹی ایل پی اگرجلسہ کرنا چاہتی ہے تو اسلام آباد ہائیکورٹ نے جو جگہیں مخصوص کر رکھی ہیں وہاں اجازت لیکر جلسہ کر سکتی ہے کیونکہ پرامن اجتماع منعقد کرنا ہر کسی کا حق ہے لیکن کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات