Live Updates

پی ٹی آئی والے کہہ رہے ہیں کہ الٹی میٹم دیں گے،اگر دھونس، دھمکی دی تو 25 مئی سے برا حشر ہوگا،رانا ثناء اللہ

پیر 8 اگست 2022 19:09

پی ٹی آئی والے کہہ رہے ہیں کہ الٹی میٹم دیں گے،اگر دھونس، دھمکی دی ..
اسلام آبا د(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اگست2022ء) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی والے کہہ رہے ہیں کہ الٹی میٹم دیں گے،اگر دھونس، دھمکی دی تو 25 مئی سے برا حشر ہوگا،نشاندہی ہوگئی ہے کون لوگ قوم کو گمراہ کرتے ہیں، کون ٹرینڈ چلاتے ہیں، شہداء کے خلاف ٹرینڈ چلانے والے گمراہی کا شکار ہیں،الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد کوئی شک نہیں رہا عمران خان غیرملکی ایجنٹ ہے، چار پانچ دن پہلے عمران خان نے کہا اس چیف الیکشن کمشنر کی موجودگی میں انتخاب نہیں لڑیں گے، عمران خان پہلے پنجاب اور کے پی کے اسمبلی توڑیں پھر انتخاب کی بات کریں،ٹی ایل پی اپنا جلسہ لیاقت باغ میں کرلے، قانون اور آئین میں رہتے ہوئے ٹی ایل پی بھی جلسہ کرے، چوکوں اور سڑکوں کو بند کر کے احتجاج کرنے پر ہائیکورٹ کی بھی پابندی ہے،توشہ خانہ سے عمران خان نے کچھ بھی نہیں چھوڑا، عمران خان نے توشہ خان سے چیزیں اٹھا کر بیچ دیں اور پھر 80 فیصد پیسے جیب میں ڈال لیے،لسبیلہ حادثہ پر افواج کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے اور ممنوعہ فنڈنگ کیس پر دو الگ الگ تحقیقات ہورہی ہیں اس میں جو بھی ملوث ہوا اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔

(جاری ہے)

پیر کو میڈیا سے بت چیت کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ شہداء کے خاندانوں کے لئے کسی قسم کی خدمت ہمارا لئے باعث اعزاز ہوگا،اس وطن کی حفاظت اور قوم کو مشکلات جیسے دہشت گردی ہو،قدرتی آفات ہوں،،سانحات ہوں اس میں جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے اپنی قوم اور ملک کا نام اونچا کیا ہے،قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے ان کو سلام پیش کرتے ہیں،حالیہ لسبیلہ ہیلی کاپٹر حادثہ کے شہداء کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے اوردعا گو ہے کہ یہ جواناسی طرح ہمارا سربلند کرتے رہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ بات واضح کرتا چلوں کہ22 کروڑ عوام میں کوئی ایسا نہیں جو پاک فوج سے پیار نہ کرتا ہو،پاک فوج کے خلاف ایسے ٹرینڈ چلانیوالے گمراہ ہیں،متعدد بار یہ بات کی ہے کہ پی ٹی آئی کا سربراہ قوم کو تقسیم اور نوجوانوں کو گمراہ کررہا ہے،قوم نے اگر اس کا ادراک نہ کیا اور اپنی سمت درست نہ کی اور اس شخص کو موقع ملا تومزید قوم کو تقسیم اور گمراہ کرتے ہوئے اس ملک کی کسی حادثے سے دوچار کردے گا۔

انہوں نے کہا کہ جو ٹرینڈ چلائے گئے ہر فرد اور پوری قوم نے اس کو رد کیا ہے معاشرے کاکوئی حصہ ایسا نہیں ہے جو اس کی حمایت کرے۔انہوں نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس میں ان کی جو نشاندہی ہوئی ہے اس پر اب ان کااپنا حال دیکھیں کہ افغانستان میں ڈرون حملہ جس میں ایمن الزواہری مارا گیا، افغانستان نے پاکستان پر یہ الزام نہیں لگایا کہ اس ڈرون حملہ میں پاکستان کی سرزمین استعمال ہوئی لیکن یہ بدبخت پاکستان میں رہتے ہوئے پاکستان پر یہ الزام لگارہے ہیں یہ گمراہی ہی ہے۔

اس گمراہی پر پوری قوم کو کوئی شک وشبہ نہیں رہا کہ عمران خان غیر ملکی ایجنٹ ہے اور غیرملکی ایجنڈے پر غیر ملکی امداد سے پاکستان میں انارکی پھیلانے پر کاربند ہے جو ٹرینڈ چلائے اس سے ان کی ملک دشمنی اور پاک فوج کیخلاف اس حد تک چلے گئے حالانکہ ان فیملیز سے عمران خان کو کسی وقت مدد ملتی رہی ہے،انہوں نے وہ باتیں کیں جن کو زبان پر نہیں لایا جاسکتا۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ فواد چوہدری میرے حق میں ایک بات کربیٹھے تھے اس پر پی ٹی آئی میں ان کی جس قدر چھترول ہوئی ہے وہ اب اپنے آپ کو توازن کرتے ہیں۔وفاق کے ایک ادارے کا بجٹ صوبوں سے زیادہ ہے،نادرا،واپڈا کوئی ملک کا حصہ ایسا نہیں جہاں اس کی کوریج یا دفاتر نہ ہوں،وفاق اور صوبائی حکومتیں نظام کا حصہ ہیں ان کاآئینی اور قانونی کردار ہے،صوبوں کے کردار کو ہم تسلیم کرتے ہیں،انہیں بھی چاہییے کہ اس قسم کی گفتگو کرنے کی بجائے ڈھنگ کا کام کریں،اب انہوں نے 13 اگست کو جلسہ اور پھر ایک ماہ کا الٹی میٹم دیرہے ہیں،یہ کس چیز کا الٹی میٹم دے رہے ہیں،پہلے چیف الیکشن کمشنر کو تو ہٹادیں،ان کی سمجھ نہیں آتی ایک دن ایک بات دوسری دن دوسری بات کرتا ہے۔

ابھی چند دن پہلے میڈیا پر آکر کہا کہ اس چیف الیکشن کمشنر کی موجودگی میں ہم الیکشن نہیں لڑیں گے،اس کے خلاف جو سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائر کیا وہ واپس لے لیا۔انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کو ہٹائیں پھراس کے بعد پنجاب اور کے پی کے کی اسمبلیاں توڑیں پھر قومی اسمبلی سے اپنے استعفے منظور کروائیں پھر دیکھیں گے انتخابات کب کروانے ہیں،ایسے ان کی دونمبری کو کوئی قبول نہیں کرے گا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ قانون کے دائرہ میں رہ کر پرامن احتجاج ان کا حق ہے ،اس سے کوئی نہیں روکے گا تاہم اگر 25 مئی کی طرح کا الٹی میٹم دینا ہے تو اس کی کوئی اجازت نہیں دے گا۔اگر تشد،بلیک میلنگ،دھونس اور دھاندلی کا راستہ اختیار کیا تو 25 مئی سے زیادہ سخت جواب ملے گا اور ہماری پوری تیاری ہے۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ شہزاد اکبرکی طرح پہلے سے یہ خبریں نہیں دے سکتا کہ کس کو کب گرفتار کرنا ہے،اس وقت ان کے خلاف دو انکوائریاں ہورہی ہیں،ان میں الیکشن کمیشن کے ممنوعہ فنڈنگ فیصلہ،لسبیلہ حادثہ پر ٹرینڈ چلانے پر انکوائری ہورہی ہے۔

اس میں جس پر جرم ثابت ہوگا اس کے خلاف مقدمہ درج کریں گے۔ٹی ایل پی کے احتجاج کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پریڈ گرائونڈ اور ایف نائن میں جلسہ کی جگہ سپریم کورٹ نے مقرر کی ہے اگر ان جگہوں پر جلسہ کرنا ہے تو پھر قواعد کے مطابق طے کرکے کریں۔اس کی اجازت ہوگی،قانون اور آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے ٹی ایل پی اور پی ٹی آئی سمیت جو پارٹی چاہے جلسہ کرے۔ توشہ خانہ ریفرنس کے حوالے سے سوال کے چواب میں انہوں نے کہا کہ اس نے نہ ٹی سیٹ چھوڑا،نہ کوئی اور چیز توشہ خانہ میں چھوڑی،توشہ خانہ سیگھڑیاں اٹھائیں اور فروخت کرکے 20 فیصد جمع کرواکر باقی رقم جیب میں ڈال لی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات