Live Updates

ہم نے سب حلقوں سے استعفیٰ دیا،استعفوں کی منظوری میں امتیازی سلوک نہیں کیا جاسکتا، شاہ محمود قریشی

پیر 8 اگست 2022 19:00

ہم نے سب حلقوں سے استعفیٰ دیا،استعفوں کی منظوری میں امتیازی سلوک نہیں ..
ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اگست2022ء) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہم نے سب حلقوں سے استعفیٰ دیا،استعفوں کی منظوری میں امتیازی سلوک نہیں کیا جاسکتا،چند استعفوں کی منظوری حکومت کی سیاسی چال ہے، الیکشن کمیشن نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کیا تو عمران خان نو حلقوں سے انتخاب لڑیں گے، پک اینڈ چوز کرنا بدنیتی ہے،اسلام ہائیکورٹ میں استعفوں کے متعلق رٹ پٹیشن دائر کی ہے جسے بروز بدھ سنا جائے گا، امام حسین کا فلسفہ سب کو اکٹھا کرنا ہے، امام حسین کی شہادت نے ثابت کر دیا جیت حق کی ہوتی ہے، اس دور میں بھی جنگ حق اور باطل کی ہے۔

ہر دور کا ایک یزید ہوتا ہے اس فلسفے کو مد نظر رکھتے ہوئے عمران خان نے کہا وہ وقت کے یزیدیوں کا مقابلہ کریں گے، پاکستان کو برباد کرنے والوں کا مقابلہ سیاسی طور پر کریں گے، 13 اگست کو پریڈ گراونڈ میں جلسے کے لیے جگہ نا ملی تو متبادل جگہ بھی ڈھونڈ رکھی ہے وہاں جلسہ کریں گے۔

(جاری ہے)

فسطائیت کا مقابلہ کرتے ہوئے اگلے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے،امپورٹڈ حکمرانوں نے تاجروں پر بلاوجہ فکسڈ ٹیکس لگایا گیا،مفتاح ایک قدم آگے چلتے اور دو قدم پیچھے جاتے ہیں،مفتاح اسماعیل کہہ چکے ہیں کے ہم مہنگائی کنٹرول کرنے نہیں ملک کو ڈیفالٹ سے بچانے آیا ہوں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ممتاز آباد میں نویں محرم کے مرکزی جلوس میں شرکت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ پی ٹی آئی رہنما رانا عبدالجبار‘ میاں جمیل احمد‘ مخدوم شعیب اکمل ہاشمی‘ رانا افضل‘ شیخ سلیم سمیت پی ٹی آئی ورکرز کی کثیر تعداد ان کے ہمراہ تھی۔ انہو ں نے کہا یوسف رضا گیلانی اتنی بات کریں جتنی انکی حیثیت ہے،مجھے پیپلز پارٹی میں بے نظیر بھٹونے شامل کروایا بے نظیر بھٹو نے مجھے پنجاب کا صدر بنایا تھا، میں وزار ت کے پیچھے نہیں پڑا ہوا تھا، مجھے ڈھونڈ کر پی پی نے وزیر خارجہ بنایا گیا۔

انہو ں نے کہا ہمارا ایک روایتی خاندان ہے، قوموں پر جب مشکل وقت آتا ہے قوم کی بچیوں کو کردار ادا کرنا پڑتا ہے، مہربانو بی بی پڑھی لکھی ہیں، صحافی بھی رہی ہیں،عمران خان کے بیانیہ کو آگے بڑھانے کے لئے مہر بانو الیکشن لڑ رہی ہے۔ہم اپنی مشرقی روایات کو مد نظر رکھ کر کمپین کریں گی، خواتین کی حد تک مہر بانو ضرور کمپین کریں گی، میں بھی کمپین کروں گا اور زین قریشی بھی کمپین کریں گے،میں نے دیانت داری سے پارٹی کے مفاد میں اپنی بیٹی کو ٹکٹ دی،موسی گیلانی کا مقابلہ کرنے کیلئے کٹھن فیصلہ کیا۔

موسیٰ گیلانی کے مقابلے کیلئے پارٹی کے پاس مہر بانو سے بہتر امیدوار ہو گا تو وہ زور نہیں دیں گے۔پی ٹی آئی کارکن عمران خان کے بیانیہ کے ساتھ کھڑے ہونگے۔انہوں نے کہا ہمارے وزیر خارجہ لگتا ہے عالمی معاملات میں بے خبر ہیں، میں حیران ہوں ابھی تک بلاول کا فلسطین حملہ پر کوئی بیان سامنے نہیں آیا، اسرائیل کا یہ ہی رویہ رہا تو مشرق وسطی میں پائیدار امن ممکن نہیں،انہو ں نے کہا مسلم لیگ ن کا ڈس انفارمیشن سیل یہ جھوٹی خبریں پھیلا رہا ہے،تحریکِ انصاف کا واضح موقف ہے، ہم شہداء کا احترام کرتے ہیں، جنرل سرفراز کو عمران خان ذاتی طور پر جانتے تھے، وہ بہت اچھے انسان او ر پروفیشنل کمانڈر تھے۔

ان کی شہادت کا دکھ ہوا۔ ہماری پالیسی واضح ہے کہ فوج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑی۔ زلزلہ اور سیلاب میں فوج نے بہترین کردار ادا کیا۔انہو ں نے کہا آج پوری دنیا میں صف ماتم بچھا ہوا ہے۔ پوری دنیا میں عزا داری ہو رہی ہے، اگر کہیں عزا داری نہیں ہورہی تو وہ مقبوضہ کشمیر ہے، مقبوضہ کشمیر میں عزا داری پر پابندی کی پرزور مزمت کرتا ہوں میں حکومت پاکستان اور دفتر خارجہ سے درخواست کرتا ہوں کے بھارتی سفیر کو طلب کیا جائے، انہیں احتجاج ریکارڈ کرایا جائے،ہمارا مطالبہ ہے مقبوضہ کشمیر میں عزاداری پر فوری طور پر پابندی ختم کی جائے اور مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کے مذہبی حقوق سلب نہ کئے جائیں۔

یہ ان کا حق ہے۔ انہوں نے کہا آج نو محرم کا ملتان کا مرکزی تاریخی اور قدیمی ماتمی جلوس نکلتا ہے جس میں ہزاروں افراد شریک ہوتے ہیں، اس جلوس میں سنی بھائی بھی اپنا حصہ ڈالتے ہیں، دونوں ملکر اس جلوس کا انتظام کرتے ہیں، دعا ہے لوگ اپنی عقیدت کے پھول شہدا کربلا پر نچھاور کرتے رہیںاور امن کی یہ روایت ہمیشہ برقرار رہے۔ انہوں نے کہا کہ ارشد ندیم کو کو گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں،ارشد ندیم نے خطے کا نام دنیا میں روشن کیا۔

قومی ہیرو کا وطن واپس پہنچنے پر شاندار استقبال کیا جائے گا۔قبل ازیں مخدوم شاہ محمود قریشی ممتاز آباد میں نویں محرم کے مرکزی جلوس میں پہنچے انہو ں نے جلوس کے روٹ کا معائنہ کیا۔ انہوں نے لائنسدار سید قمر حسنین نقوی اور دیگر عزاداروں سے ملے۔ وہ کچھ دیر جلوس میں موجود رہے۔ بعد ازاں مخدوم شاہ محمود قریشی ممتاز آباد یونین کونسل 50 میں پی ٹی آئی رہنما شیخ سلیم کی رہائش گاہ پر گئے جہاں انہوں نے لنگر تقسیم کیا۔ اس موقع پر پی ٹی آئی رہنماؤں کی کثیر تعداد موجود تھی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات