Live Updates

امام حسینؓ نے لازوال قربانی سے اسلام کی عظمت کو سربلند کیا، فیصل امین گنڈاپور

واقعہ کربلا سے اسلام کی عظمت اور اہل ایمان کے جذبہ حریت میں کئی گنا اضافہ ہوا، صوبائی وزیر بلدیات و دیہی ترقی کا بیان

پیر 8 اگست 2022 20:06

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اگست2022ء) خیبر پختونخوا کے وزیر بلدیات و دیہی ترقی سردار فیصل امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ واقعہ کربلا سے اسلام کی عظمت اور اہل ایمان کے جذبہ حریت میں کئی گنا اضافہ ہوا، یزید نامراد ہوا اور امام حسینؓ نے فاشسٹ حکمران کے خلاف خانوادہ رسولؐ کی قربانی دیکر حق کو ہمیشہ کیلئے سربلند کیا۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں یوم عاشور پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فیصل امین نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ آج پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو بھی وقت کے یزیدی حکمرانوں کا سامنا ہے اور سیاسی لٹیروں پر مبنی بدنام ترین فاشسٹ حکومت پی ٹی آئی پر پابندی لگا کر سمجھتی ہے کہ اسطرح جمہور عوام کی آواز دبا دی جائے گی مگر یہ دراصل امپورٹڈ حکومت کی خام خیالی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران خان پاکستان اور عالم اسلام کی ترقی اور یکجہتی چاہتے ہیں اور پوری مسلم امہ کی امیدوں کا مرکز اور پاکستانی عوام کے قومی اتحاد کی علامت بن چکے ہیں، ایسے ہر دلعزیز لیڈر کو عوام کے دلوں سے نکالنا ممکن نہیں اور نہ ہی چور دروازے سے مسلط حکومت کے ہتھکنڈے کامیاب ہو سکتے ہیں جو درحقیقت حکومت کے نام پر علی بابا چالیس چوروں کا ٹولہ ہے، یہ سب جماعتیں مل کر بھی اکیلے پی ٹی آئی کا مقابلہ نہیں کر سکتیں۔

فیصل امین نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت کی چودہ جماعتوں کے لیڈروں نے مہنگائی کے نام پر پی ٹی آئی حکومت کے خلاف سازش کی اور قوم پر مسلط ہوکر اپنی لوٹ کھسوٹ سے معیشت کا بیڑہ غرق کر دیا تاہم اب ظلمت کے اندھیروں میں طلوع سحر ہونے کو ہے اور عنقریب عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی بھاری اکثریت سے برسرِ اقتدار آکر ملک و قوم کو مسائل کے گرداب سے نکالنے میں کامیاب ہو گی اور پاکستان کو مدینہ کی طرز پر اسلامی فلاحی ریاست بنانے کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات