پاکستان کے اعزازی سفیر برائے سرمایہ کاری ذیشان شاہ کا امریکہ کی سیلیکون ویلی کا دورہ

پیر 8 اگست 2022 22:24

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2022ء) پاکستان کے اعزازی سفیر برائے سرمایہ کاری ذیشان شاہ نے امریکہ کی سیلیکون ویلی کا دورہ کیا اور دنیا کیلئے پاکستان کی انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) مارکیٹ میں متحرک معاشی مواقع کو اجاگر کیا۔ پیر کے روز ایک بیان میں کہا گیا کہ انہوں نے دنیا کے بڑے آئی ٹی اداروں بشمول فیس بک، مائیکروسافٹ اور ایپل کا بھی دورہ کیا۔

ذیشان شاہ نے سلیکون ویلی میں متعدد سرکردہ کاروباری افراد اور شعبے کے پیشہ ور افراد سے ملاقاتیں کیں جہاں انہوں نے پاکستان کے آئی ٹی سیکٹر پر تبادلہ خیال کیا اور انہیں اس کا حصہ بننے کی دعوت دی۔ فور سیزنز ہوٹل پالو آلٹو میں دن بھر مصروفیات کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈیٹا سینٹرز کے سرکردہ ڈویلپرز سے ملاقاتیں ہوئیں جو پاکستان میں 100 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے ملاقاتوں میں اس بات کا خاکہ پیش کیا کہ پاکستان کا آئی ٹی سیکٹر بھرپور صلاحیت کا حامل شعبہ ہے جس میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع ہیں اور اب یہ شعبے پنپ رہے ہیں اور ان مواقع سے استفادہ کرنے کی ضرورت ہے۔ آئی ٹی کی برآمدات2012 میں400 ملین ڈالر تھیں جو بڑھ کر2 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی ہیں۔ انہوں نے پاکستانی کمپنیوں اور پاکستان کی سب سے بڑی برآمدی منڈی امریکہ کے درمیان خلیج کو ختم کرنے میں کردار ادا کرنے کے لیے پاکستانی نژاد امریکیوں کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کی سب سے زیادہ کم عمر آبادی والے ممالک میں سے ایک ہونے کے ناطے ٹیک سیوی، سمارٹ فون کے استعمال کے ساتھ غیر معمولی جدت کے مواقع پیش کرتا ہے اور تقریبا 220 ملین صارفین کی ایک بڑی مارکیٹ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان سائنس، اختراعات اور ٹیکنالوجی کے لیے اپنی توانائیاں بروئے کار لا کر جدید دنیا میں امریکہ کی کامیابی کے اصولوں سے سیکھ سکتا ہے، تاکہ پاکستان کو 21 ویں صدی میں عالمی معیشت میں ایک قابل قدر اور ترقی پسند شراکت دار کے طور پر ابھارا جا سکے۔

پاکستان کے اعزازی سفیر برائے سرمایہ کاری ذیشان شاہ معروف عالمی سرمایہ کار نیٹ ورک اوپن سلیکون ویلی کے سالانہ عشائیہ میں بھی شرکت کریں گے جب کہ بے ایریا میں صنعتکاروں کے ساتھ بھی ملاقات کریں گے۔