کوئٹہ،محرم الحرام ہمیں صبراستقامت برداشت قربانی اور باطل کے خلاف کھڑے اور ڈٹے رہنے کا درس دیتا ہے ،وزیر اعلیٰ عبدالقدوس بزنجو

پیر 8 اگست 2022 22:29

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 اگست2022ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے یوم عاشور کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ محرم الحرام ہمیں صبراستقامت برداشت قربانی اور باطل کے خلاف کھڑے اور ڈٹے رہنے کا درس دیتا ہے امام حسینؓ اور انکے رفقاء نے میدان کربلا میں Yاسلام کی بقاء اور سربلندی کیلئے عظیم قربانی دی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ نواسہ رسولﷺ کی قربانی نے نہ صرف تاریخ کے دھارے کو تبدیل کرکے رکھ دیا بلکہ قیامت تک کے لیے یہ نظیر قائم کی کہ حق کی طاقتیں باطل قوتوں کے سامنے سر نہیں جھکاتیں انہوں نے کہا کہ آج کا دن ہمیں یہ احساس دلاتا ہے کہ ہم حضرت امام حسینؓ کی قائم کی ہوئی مثال سے نہ صرف سبق حاصل کریں بلکہ اس پیغام کو سمجھ کر اس پر صدق دل سے عمل کرنے کی کوشش بھی کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج کے دن سب مسلمانوں کو یہ عہد کرنا چاہیے کہ وہ ایک ملت واحد کی طرح متحد ہوکر اور اپنے فروعی اختلافات کو پس پشت ڈال کر عالم اسلام اور مسلم اُمہ کی ترقی کیلئے کام کریں گے اور اپنی صفوں میں مکمل اتحاد، اتفاق یگانگت اور بھائی چارے کی فضا قائم رکھیں گے انہوں نے کہا کہ شہداء کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم اپنے اندر ایثار،قربانی،تحمل اوربرداشت کا جذبہ پیداکریں اور فرقہ ورانہ ہم آہنگی،بھائی چارے اوریکجہتی کے جذبات کو فروغ دیں اوراپنے قول وعمل سے خود کوبہترین مسلمان ثابت کریں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ موجودہ وقت میں اتحاد بین المسلمین ناگزیر ہے،ہمیں کفری قوتوں سے مقابلے کیلئے اپنی صفوں میں مکمل اتحادبرقراررکھناہوگا تمام مکاتب فکر کے علماء کرام کو یہ اہم کردار ادا کرنا ہوگا اور معاشرے کی صحیح سمت میں رہنمائی کرنا ہوگی تاکہ ہم اپنے اندرونی اختلافات بھلا کر ایک فلاحی اسلامی معاشرے کی تشکیل میں اپنا حصہ ڈالیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس وقت ہمارا صوبہ سیلابی بارشوں سے متاثر ہے جس کے لیے ہم نے اپنے متاثرہ بھائیوں کی مدد بھی کرنی ہے قربانی امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ،ْ بھی یہی سکھاتی ہے کہ مصائب اور مشکلات کے شکار متاثرہ خاندانوں کی بھرپور معاونت کی جائے اور اس احساس کو فروغ دیا جائے کے مصیبت اور غم کی اس گھڑی میں ہم سب ساتھ ہیں۔