کراچی،اسلام کی سربلندی اور ظلم کے خلاف حق کے لئے جان قربان کردینا پیغام حسینی ہے،صاحبزادہ مفتی محمدزبیرصدیقی ہزاروی

پیر 8 اگست 2022 22:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 اگست2022ء) جمعیت علمائے پاکستان صوبہ سندھ کے ڈپٹی جنرل سیکریٹری صاحبزادہ مفتی محمدزبیر صدیقی ہزاروی نے کہاہے کہ اسلام کی سربلندی اور ظلم کے خلاف حق کے لئے جان قربان کردینا پیغام حسینی ہے۔ مسلم امہ بلاامتیاز رنگ ومسلک دین و ایمان کے دشمن عالمی استعمار وامریکی ،اسرائیلی، بھارتی انسانیت سوز وحشیانہ مظالم کے خلاف کردار حسینیؓ اداکرنے کیلئے متحد و بیدار ہوجائے۔

یہ باتیں انہوں نے عشرہء فاروق ؓ وحسین ؓ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔انہوں نے کہاکہ اہل بیت سے عقیدت و محبت کُلِّ ایمان ہے۔ خلفائے راشدین ، عشرہ مبشرہ و اصحابِ رسولؐ سے بغض و عناد ایمان سے دوری اور ان سے محبت راہ نجات ہے۔ حسینیت حق کی فتح اور یزیدیت کی موت ہے۔

(جاری ہے)

مسلمانوںکے مابین فرقہ واریت ،تشدد ،منافرت پھیلانے والے حسینی نہیں بلکہ یزیدی اور استعماری قوتوں کے آلہٴ کار ہیں۔

انہوں نے بلوچستان اور ملک کے دیگر علاقوںمیں بارشوں اور سیلاب سے متاثرین اور پاک فوج سانحہء ہیلی کاپٹرکے شہداء کے خاندانوں سے دلی دکھ ، تعزیت و ہمدردی کا اظہارکرتے ہوئے ہندوستان وکشمیر میںمسلمانوں کے خلاف جاری ظلم وستم،دہشت گردی اور جارحیت کے خلاف افواج پاکستان سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے فلسطین ،کشمیر،یمن،شام،برما اور دنیابھرکے مظلوم مسلمانوں اورملکی امن و استحکام و خوشحالی کے لئے خصوصی دعاکی۔