Live Updates

شاہ محمود قریشی خود تو اسمبلی میں جاتے نہیں ، کیا ان کی صاحبزادی اسمبلی میں جائیں گی، یوسف رضا گیلانی

کمشنر ملتان نے پی ٹی آئی کے دباؤ میں آکر چھٹی کیلئے درخواست دی ہے جس کا الیکشن کمیشن آف پاکستان کو فوری نوٹس لینا چاہیے، سابق وزیر اعظم

پیر 8 اگست 2022 22:44

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اگست2022ء) سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ حیران ہوں پی ٹی آئی والے ضمنی انتخابات کیوں لڑ رہے ہیں شاہ محمود قریشی خود تو اسمبلی میں جاتے نہیں ، کیا ان کی صاحبزادی اسمبلی میں جائیں گی،ملتان میں الیکشن کمیشن مکمل طور پر آزاد ہے، کمشنر ملتان نے پی ٹی آئی کے دباؤ میں آکر چھٹی کیلئے درخواست دی ہے جس کا الیکشن کمیشن آف پاکستان کو فوری نوٹس لینا چاہیے۔

9 ویں محرم الحرام کے جلوس کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ماضی میں جو معاہدے ہوئے ان پر عملدر آمد کرانا ریاست کا کام ہے۔ ملکی خوشحالی اور مضبوطی کیلئے ملک میں آئین اور قانون کی حکمرانی ہونی چاہئے۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ میں متفقہ طور پر وزیراعظم بنا تھا لیکن مجھے 30 سیکنڈز کی سزا دی گئی اور پھر ازخود نوٹس لیتے ہوئے مجھے نااہل کردیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آئین کے مطابق کام ہوگا تو ملک مضبوط ہوگا۔ عمران خان کے دور میں آصف زرداری ، میاں نواز شریف سمیت کئی سیاسی رہنماؤں نے جیلیں کاٹی ہیں۔ یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ کمشنر اور ڈپٹی کمشنر پر پی ٹی آئی کی طرف سے سخت دباؤ ہے اسی لئے کمشنر نے چھٹی کیلئے درخواست دی ہے۔ الیکشن کمیشن کو اس کا فوری نوٹس لینا چاہئے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات