حالیہ مون سون کے بارشوں نے بلوچستان میں تباہی مچائی ہے ، وزیر مملکت توانائی

وزیراعظم کے ہمراہ متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا ،نقصانات کا جائزہ بھی لیا ہے ، حاجی محمد ہاشم نوتیزئی

پیر 8 اگست 2022 22:00

دالبندین (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اگست2022ء) وفاقی وزیر مملکت برائے توانائی وزیراعظم فلڈ ریلیف کمیٹی کے رکن حاجی محمد ہاشم نوتیزئی نے دالبندین میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حالیہ مون سون کے بارشوں نے بلوچستان میں تباہی مچائی ہے ،وزیراعظم کے ہمراہ متاثرہ علاقوں کا دورہ بھی کیا نقصانات کا جائزہ بھی لیا ہے ۔

انھوں نے کہا کہ حلقہ انتخاب رخشان ڈویژن کے متاثرہ اضلاع خاران اور نوشکی کا دورہ کرچکا ہوں ،سیلاب سے لوگوں کے مکانات، فصلات، حفاظتی بندات،بجلی کی کھمبوں کو کافی نقصان پہنچا ہے ۔انھوں نے بتایا کہ رخشان ڈویژن میں سب سے زیادہ نقصان نوشکی میں ہوا ہے ،5000 خاندان سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں ۔انھوں نے کہا کہ نوشکی میں جلد ایک ہزار متاثرہ خاندانوں میں جلد امدادی ریلیف تقسیم کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ ضلع خاران کے دو سو متاثرہ خاندانوں میں اب تک امدادی سامان پہنچا دی گئی ہے ۔انھوں نے بتایا جن متاثرہ علاقوں میں کھمبے اور ٹرانسفارمر متاثر ہوئے تھے بجلی کی بحالی کے لئے 650 کھمبے اور ٹرانسفارمر روانہ کردیئے ہیں ۔انھوں نے بتایاکہ وفاقی حکومت نے عالمی غیر ملکی این جی اوز سے سیلاب متاثرین کے لئے مدد کی اپیل بھی کرچکے ہیں انھوں نے مزید بتایا سیلاب متاثرین کو کسی صورت میں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا انکی ہر ممکن مدد ہماری اولین ترجیح ہے تاکہ وہ دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑے ہوکر معمول کے مطابق اپنی زندگی گزار سکیں اس موقع پر بی این پی سینٹرل کونسل کمیٹی کے ممبران خورشید جمالدینی، جمعہ خان کبدانی، ملک محمد سانولی ودیگر بھی موجود تھے