کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حق میں بارسلونا میں مظاہرہ

منگل 9 اگست 2022 15:30

بارسلونا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اگست2022ء) سپین کے شہر بارسلونا میں سینکڑوں افراد نے کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت میں مظاہرہ کیا گیا ۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کشمیری اور پاکستانی تارکین وطن اور ان کے حمایتیوں نے تحریک کشمیر سپین کی کال پر بارسلونا میں اکٹھے ہوکرکشمیریوں کی منفرد شناخت کو مٹانے کیلئے بھارت کے غیر قانونی اقدامات کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔

برطانوی قانون ساز افضل خان نے بارسلونا میں 5 اگست 2019 کے بھارت کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کے خلاف "یوم کشمیر استحصال" کے سلسلے میں کئے گئے مظاہرے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت جس کا وعدہ اقوام متحدہ نے ان سے کیاتھا دینے سے انکار مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کی بڑی وجہ ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوںپر عمل درآمد میں بھارت سب سے بڑی رکاوٹ ہے ۔

انہوں نے کہاکہ اب وقت آگیا ہے کہ یورپی سول سوسائٹی اپنی حکومتوں پر مداخلت کیلئے دبائو بڑھائے تاکہ جنوبی ایشیاء کے خطے میں امن قائم ہو سکے ۔ تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر فہیم کیانی نے کشمیر کے بارے میں اس مظاہرے کے منتظمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر یوں کی حمایت میں اس مظاہرے کے انعقاد سے ظاہرہوتا ہے کہ یورپی عوام کو یہ حقیقت معلوم ہو چکی ہے کہ بھارت ایک نام نہاد جمہوریت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے مظاہرے کشمیری تارکین وطن کے گروپوں کی انتھک کوششوں کا نتیجہ ہے۔ترک موسیقار اور نغمہ نگار ترگے ایورین،نے جو کشمیریوں کی تحریک آزادی کے بارے میں اپنے نغموں کیلئے مشہور ہیں ۔مقررین نے خطاب میں کہاکہ باضمیر لوگ اب بھی اس دنیا میں موجود ہیں ۔انہوں نے کہاکہ یہ بات انتہائی افسوسناک ہے کہ حقیر تجارتی اور جغرافیائی سیاسی مفادات کی وجہ سے طاقت ور اقوام نے کشمیر پرمجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے ۔

انہوں نے مزید کہاکہ لیکن باشعور لوگ اب بھی اس دنیا میں موجود ہیں۔انہوں نے کہاکہ کشمیر یوں کی جدوجہدآزادی مضبوط ہے کیونکہ اسے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی حمایت حاصل ہے۔ تحریک کشمیر سپین کے صدر شفیق تبسم نے اس موقع پر مظاہرے کے شرکاء کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ مودی کی فسطائی حکومت کی طرف سے مقبوضہ کشمیرمیں قبرستان کی خاموشی مسلط کرنے سے بھارت کے غیر قانونی تسلط سے آزادی کی کشمیریوں کی جدوجہدکوکمزور نہیں کیاجاسکتا ۔

اس موقع پر ایک مشترکہ بیان میں کشمیری کارکنوں آصف رحمان، ثنا طارق، آئمہ چوہدری، عبدالرفیعہ اور حسنین ابرار نے مقبوضہ علاقے بھارتی حکومت کی طرف سے کشمیریوں کی غیر قانونی گرفتاریوں کی مذمت کی ۔انہوں نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ اوردیگر حریت رہنمائوں محمد یاسین ملک، شبیر شاہ، آسیہ اندرابی، ناہیدہ نسرین، فہمیدہ صوفی، ڈاکٹر قاسم فکتو، ایاز اکبر، غلام محمد بٹ، پیر سیف اللہ، نعیم خان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔