پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے مہنگائی پر قابو پانے، تاجر برادری کا اعتماد بحال کرنے میں مدد ملے گی، شہزاد علی ملک

بدھ 10 اگست 2022 10:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اگست2022ء) فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے مہنگائی پر قابو پانے اور تاجر برادری کا اعتماد بحال کرنے میں مدد ملے گی۔ بدھ کو یہاں جاری ایک بیان میں گروپ کے چیئرمین شہزاد علی ملک ( ستارہ امتیاز) نے کہا کہ پٹرولیم کی قیمتوں میں کمی کے اثرات کو عوام تک پہنچانا اور پرتعیش اشیاءپر پابندی کا تسلسل حکومت کا اچھا اقدام ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ سپر ٹیکس کو ختم کرے اور صنعتوں اور کاروباری برادری پر عائد دیگر ٹیکسوں کو کم کرے تاکہ معاشی ترقی کی رفتار کو تیز اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکے جس سے ملک کو معاشی بدحالی سے نکالنے میں مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ کابینہ کا ایک اور اچھا فیصلہ ہے جس میں درآمد پر پابندی کے دوہفتے بعد بندرگاہوں پر آنے والے لگژری سامان کی کلیئرنس پر پانچ فیصد جرمانہ اور کنسائنمنٹس پر 15 فیصد ڈیوٹی عائد کی گئی ہے۔

ٹمبر کی درآمد پر عائد مختلف پابندیوں کو 31 اگست تک معطل کرنے سے 224 کنٹینرز کو کلیئر کروانے اور اس ضمن میں لکڑی کے درآمد کنندگان کو درپیش مشکلات کو دور کرنے میں مدد ملے گی۔ شہزاد علی ملک نے کہا کہ افغانستان سے پاکستانی کرنسی میں تجارت اور درآمد کنندگان کے الیکٹرک 1 فارم کے بغیر ایک سال کی مدت کے لیے افغانی اشیا کی درآمد کی اجازت دینے کے فیصلے سے دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان تجارت کو فروغ ملے گا اور جنگ زدہ افغانستان کی بھی مدد ہو گی اور اس کی اقتصادی بنیاد کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔