بابر اعظم کی ٹی ٹونٹی رینکنگ میں بادشاہت برقرار

قومی کپتان کو سوریا کمار یادو پر 13 پوائنٹس کی برتری مل گئی، ایشیاء کپ میں بھارت کیخلاف نمبر 1 ٹی ٹونٹی بلے باز کے طور پر میدان میں اتریں گے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 10 اگست 2022 13:22

بابر اعظم کی ٹی ٹونٹی رینکنگ میں بادشاہت برقرار
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 10 اگست 2022ء ) پاکستان کے کپتان بابر اعظم ٹی ٹونٹی رینکنگ میں پہلی پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیاب رہے ہیں ۔ ہندوستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف حال ہی میں مکمل ہونے والی T20I سیریز میں 4-1 سے سیریز جیت لی اور بھارتی بلے بازوں نے رینکنگ میں ترقی پائی ہے۔ آئی سی سی کی تازہ ترین رینکنگ میں شریاس ایر اور رشبھ پنت نے ترقی حاصل کی ہے۔

شیریاس آئیر نے فلوریڈا میں سیریز کے پانچویں اور آخری میچ کے دوران متاثر کن نصف سنچری بنائی اور بلے بازوں کی درجہ بندی میں 25ویں سے 19ویں نمبر پر چھلانگ لگائی۔ رشبھ پنٹ نے 115 رنز سکور کرکے دوسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کے طور پر سیریز ختم کی، چوتھے میچ میں ان کی تیز رفتار 44رنز کے ساتھ بائیں ہاتھ کے کھلاڑی 7 درجے ترقی پاکر 59 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ابھرتے ہوئے اوپنر سوریہ کمار یادیو سیریز کے دوران 135 رنز کے ساتھ سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی تھے، لیکن انہیں فائنل میچ کے لیے آرام دینے کے فیصلے کا مطلب ہے کہ وہ بابر اعظم سے پہلی پوزیشن چھیننے کا موقع گنوا بیٹھے۔ سوریا کمار یادیو T20I رینکنگ میں دوسرے نمبر پر برقرار ہیں اور بابر اعظم اب اس ماہ کے آخر میں دبئی میں ہونے والے ایشیاء کپ میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان شیڈول میچ سے پہلے بھارتی بیٹر پر 13 ریٹنگ پوائنٹس کی برتری حاصل کیے ہوئے ہیں ۔

ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں ہندوستان کے گیند بازوں نے بھی ترقی پائی ۔ نوجوان اسپنر روی بشنوئی سیریز کے دوران 8 وکٹوں کے ساتھ ہندوستان کے سرفہرست وکٹ لینے والے بولر تھے اور اس کی مدد سے 21 سالہ نوجوان گیند بازوں کی 50 درجے کی چھلانگ لگا کر 44 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔ اویش خان، اکسر پٹیل، اور کلدیپ یادیو بھی ترقی پانے میں کامیاب رہے جبکہ تجربہ کار پیسر بھونیشور کمار ویسٹ انڈیز سیریز کے دوران صرف تین وکٹوں کے بعد ایک مقام گر کر 9ویں نمبر پر پہنچ گئے۔

آئرلینڈ کے خلاف جنوبی افریقہ کی حالیہ 2-0 کی سیریز میں فتح نے بھی ان کے کھلاڑیوں کو ترقی دلائی، اوپنر ریزا ہینڈرکس بلے بازوں کی فہرست میں دو درجے اوپر 13ویں نمبر پر آگئے۔ سپنر کیشو مہاراج باؤلرز کی درجہ بندی میں 10 درجے ترقی کر کے مجموعی طور پر 18 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں جب کہ ڈیوائن پریٹوریس آل راؤنڈرز کی فہرست میں سات درجے چھلانگ لگا کر 26 ویں نمبر پر ہیں۔ تجربہ کار 36 سالہ زمبابوین آل راؤنڈر سکندر رضا نے بنگلہ دیش کے خلاف لگاتار ناقابل شکست سنچریاں سکور کی ہیں اور بلے بازوں کی درجہ بندی میں 10 مقامات کی چھلانگ لگا کر 29 ویں نمبر پر اور آل راؤنڈرز کی فہرست میں شاندار7 درجے ترقی کے بعد چوتھے نمبر پر پہنچ گئے ہیں ۔