ملک بھر کی طرح احمد پورسیال میں بھی یوم عاشور مذہبی عقیدت واحترام سے منایا گیا

بدھ 10 اگست 2022 15:28

احمد پور سیال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اگست2022ء) ملک بھر کی طرح احمد پورسیال میں بھی یوم عاشور مذہبی عقیدت واحترام سے منایا گیا ۔اس سلسلہ میں تحصیل ہیڈ کورٹر احمد پورسیال ، تھانہ گڑھ مہاراجہ ، گڑھ موڑ ، سمندوآنہ ،چک نورنگ شاہ ، بنگلہ یاسمین ، پیر عبدالرحمن ، رنجیت کوٹ ، کوٹ مپال ، حویلی جائیوین ، محمود کوٹ ،کوٹ بہادر ، شریف آباد اور حسوبلیل تحصیل بھر کے چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں میں ماتمی جلوس نکالے گئے اور مجالس عزا برپا کی گئیں جن میں مردو خواتین عزاداران کی ایک بہت بڑی تعداد نے شرکت کی اور امام عالی مقام اور ان کی72رفقائے کار کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

تحصیل ہیڈ کوارٹر احمد پور سیال میں جلوس مکانٹراں امام بارگاہ حسینیہ محلہ گھاڑوآں والا احمد پور سیال سے برآمد ہوا جو مرکزی امام بارگا ہ زینبیہ کڑی والا پہنچا جہاں مولانا جابر علی خان کی اقتدا میں نماز ظہرین ادا کی گئی ۔

(جاری ہے)

یہ ماتمی جلوس امام بارگاہ سجادیہ بستی میانی کا چکر لگا کر واپس امام بارگاہ حسینیہ محلہ گھاڑوآں والا میں پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔

جلوس شبیہہ تعزیہ حضرت امام حسین ؑ وشبیہہ ذوالجناح مرکزی امام بارگاہ زینبیہ کڑی ولا سے برآمد ہوا جبکہ جلوس شبیہہ تعزیہ حضرت غازی عباس علمدارؑ وشبیہہ ذوالجناح امام بارگاہ حسینیہ محلہ گھاڑوآں والا سے برآمد ہوا۔یہ دونوں ماتمی جلوس میو چوک میں پہنچ کر مرکزی جلوس کی شکل اختیار کر گئے جہاں نوحہ خوانی اور ماتم داری کے ساتھ ساتھ زنجیر زنی بھی کی گئی ۔

یہ ماتمی جلو س جب گلی راج والی کے نزدیک پہنچا تو امام بارگاہ سجادیہ بستی میانی میں سے برآمد ہونے والا جلوس شبیہہ تعذیہ وذوالجناح بھی اس مرکزی جلوس کا حصہ بن گیا۔ یہ مرکزی جلوس امامیہ قبرستان پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔ جلوس کی سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے تھے ۔اسسٹنٹ کمشنر نیاز احمد مغل ،ڈی ایس پی احمد پورسیال چوہدری محمد اشرف گجر اور ایس ایچ او تھانہ احمد پور سیال سید ثمر عباس شاہ نے بذات خود جلوس کی کڑی نگرانی کی ۔

عشرئہ محرم الحرام کے دوران احمد پور سیال میں کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔شہر بھر کے مختلف مقامات پر شربت ، شکنجبین ، ٹھنڈے پانی ، دودھ سوڈا اور چائے کی سبیلیں بھی لگائی گئی تھیں ۔معروف شخصیت گل محمد عرف گلو بادشاہ نے 30من گنے کے جوس کی سبیل لگائی ۔پورے شہر میں لنگر کی بہتات رہی ۔دن بھر موبائل سروس معطل رہی جو رات 9بجے بحال ہوئی ۔4بجے بند ہونے والی بجلی بھی تقریباً9:15بجے چالو کی گئی ۔ طویل لوڈ شیڈنگ نے گرمی سے نڈھال لوگوں کا بھرکس نکال دیا۔