(ن) نے قومی اسمبلی کے حلقوں میں ضمنی انتخابات کے سلسلہ میں امیدواروں کے حوالے سے مشاورت شروع کر دی

اتحادی جماعتوں سے مشاورت کے بعد مشترکہ امیدوار سامنے لائے جائیں گے،نواز شریف بھی اتحادیوں سے رابطے میں ہیں ‘ ذرائع

بدھ 10 اگست 2022 16:12

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اگست2022ء) مسلم لیگ (ن) نے قومی اسمبلی کے حلقوں میں ضمنی انتخابات کے سلسلہ میں امیدواروں کے حوالے سے مشاورت کا آغاز کر دیا،اتحادی جماعتوں سے مشاورت کے بعد مشترکہ امیدوار سامنے لائے جائیں گے ۔پنجاب کے 3 حلقوں این اے 157 ملتان میں ضمنی الیکشن 11 ستمبر ،این اے 108 فیصل آباد اور این اے 118 ننکانہ صاحب میں 25 ستمبر کو ہو گا۔

ذرائع کے مطابق ان حلقوں میں سے ایک پر پیپلز پارٹی اور باقی دو حلقوں میں مسلم لیگ (ن)اپنے امیدوار میدان میں اتارے گی۔ملتان سے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے موسی گیلانی مسلم لیگ (ن)اور پیپلز پارٹی کے مشترکہ امیدوار ہوں گے۔ننکانہ صاحٰ سے ڈاکٹر شذرا منصب کے مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کی امیدوار ہونے کا قوی امکان ہے ۔

(جاری ہے)

فیصل آباد والے حلقے میں لیگی امیدوار کے نام پر مشاورت جاری ہے ۔ پارٹی ذرائع کے مطابق خیبر پختوانخواہ اور سندھ سے بھی حکمران اتحاد کی مشاورت سے مشترکہ امیدوار سامنے لائے جائیں گے۔ ذرائع نے مزید بتایا گیاہے کہ ضمنی انتخابات کی مہم کی نگرانی مسلم لیگ (ن)کی نائب صدر مریم نواز کو سونپے جانے پر مشاورت جاری ہے ۔مسلم لیگ (ن)کے قائد نواز شریف کے ضمنی انتخابات کی حکمت عملی مرتب کرنے کے حوالے سے آصف علی زرداری، مولانا فضل الرحمان اور دیگر سے بھی رابطے جاری ہے ۔ ذرائع کے مطابق ضمنی انتخابات کی حتمی حکمت عملی تیار کرنے کے حوالے سے رواں ماہ حکمران اتحاد کی قیادت کا اجلاس طلب کیا جائے گا۔