ٹینس ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا پشاور میں آغاز

انٹرنیشنل ٹینس کھلاڑی اعصام الحق اور عقیل خان نے ٹرائلز لئے

بدھ 10 اگست 2022 20:45

ٹینس ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا پشاور میں آغاز
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 اگست2022ء) پاکستان کے ٹینس سٹار اور انٹرنیشنل لیول پر ملک وقوم کا نام روشن کرنیوالے لاہور کے سپوت اعصام الحق نے ملک بھر میں ٹینس ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا آغاز کردیا ہے اس سلسلے میں گزشتہ روز اعصام الحق پشاور پہنچے انہوں نے دوسرے پاکستان کے ہیرو ٹینس سٹار عقیل خان کیساتھ پشاور کے شاہی باغ ٹینس کلب میں انڈر18 کھلاڑیوں کے ٹرائلز لئے اس موقع پر ان کے ہمراہ خیبرپختونخوا ٹینس ایسوسی ایشن کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہر ‘سیکرٹری جنرل عمرایاز خلیل‘ ڈپٹی ڈائریکٹر سپورٹس طارق خان‘ I اسسٹنٹ ڈائریکٹر سپورٹس ذاکر اللہ ‘ٹرینر شاہد آفریدی‘ ذاکر اللہ ‘ ہارون خان اور دیگر شخصیات موجود تھیں‘میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پاکستان کے ٹینس سٹار اعصام الحق نے کہا کہ ملک بھر میں ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا سلسلہ شروع کررکھا ہے‘دو دہائیوں سے زائد عرصے سے ٹینس میں پاکستان کے لئے خدمات سرانجام دے رہا ہوں اب چاہتا ہوں کہ کھلاڑی ہمارے تجربے سے فائدہ اٹھائیںاس سلسلے میں ٹرائلز لینے کا فیصلہ کیا ‘کراچی‘لاہور ‘اسلام آباد کے بعد پشاور میں بھی ٹرائلز لے رہے ہیںپشاور میں ٹینس کے ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں خیبرپختونخوا کے بیشتر کھلاڑی ٹاپ رینکنگ میں شامل ہیں ‘ ٹینس ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں چارسو سے زائد بچوں نے رجسٹریشن کرائی ہے‘پشاور کے عوام کس حد تک ٹینس کو پسند کرتے ہیں اس بارے میں زیادہ علم نہیں ٹرائلز میں کامیاب ہونیوالے کھلاڑیوں کو میرا ٹرینر ہی ایک سال تک انہیں پشاور میں ٹریننگ دے گا میری سرپرستی ساتھ ہوگی نگرانی کروں گا‘ انہوں نے کہا کہ انڈر18 کے بعد آج پشاور میں انڈر14 اور انڈر12 کے کھلاڑیوں کے ٹرائلز لیں گے ہر کیٹیگری سے بہترین چار‘چار کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جائے گا اور پھر انہیں مزید ایک سال ٹریننگ دی جائے گی‘ نئے پروگرام کا مقصد ٹیلنٹ کو سامنے لانا ہے اور انہیں آگے آنے کے مواقع فراہم کرنا ہیں انہوں نے کہا کہ بہترین کھلاڑیوں کو وظائف بھی دیں گے پروگرام کے لئے نئے کوچز اور ٹرینرز کی ً خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں اور امید ہے کہ اس سے ہمیں بہترین کھلاڑی ملیں گے جو ٹینس میں ملک و قوم کانام دنیا بھر میں روشن کریں گے‘پاکستان ٹینس سٹار عقیل خان نے کہا کہ اعصام الحق نے بہترین پروگرام شروع کیا ہے اس سے کھلاڑیوں کوآگے آنے کے مواقع ملیں گے پشاورسمیت خیبرپختونخوا میں ٹینس کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں اچھے کھلاڑی موجود ہیں اور امید ہے کہ یہاں کے کھلاڑی بین الاقوامی سطح پر نام کمائیں گے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ اعصام الحق 1980 میں لاہور میں پیدا ہوئے اور 1998 میں وہ ٹینس کے پروفیشنل کھلاڑی کے طور پر سامنے آئے انہوں نے عقیل خان کیساتھ پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ ڈیوس کپ مقابلوں میں شرکت کی ہے‘ رابرٹ ڈیوس‘جلیل خان اور عابد علی نے بھی اعصام الحق کی کوچنگ کی 2004 میں صدارتی ایوارڈ حاصل کیا‘اسلامک سالیڈیرٹی گیمز 2005 سعودی عرب میں گولڈ میڈل جیتا‘2007 میں بھی انہیں صدر پاکستان نے ایوارڈ سے نوازا‘چیمپئن شپ پیس ایوارڈ 2010 میں مناکو میں حاصل کیا‘2013 میں سٹائلش سپورٹس مین آف دی پاکستان کا ایوارڈ حاصل کیا ‘اعصام الحق اس وقت انٹرنیشنل ڈبلز رینکنگ میں 53 ویں نمبر پر ہیں اس سے قبل وہ ماضی میں سنگلز ورلڈ رینکنگ میں 125 ویں پوزیشن پر بھی رہے ڈبلز میں 8 ویں پوزیشن پر بھی رہے‘اے ٹی پی ٹور کے اٹھارہ ٹائٹل اپنے نام کرچکے ہیں‘آسٹریلین اوپن کے کوارٹر فائنل‘فرنچ اوپن اور ومبلڈن اوپن کے سیمی فائنل کھیلنے کے اعزاز حاصل کئے ان کی سرپرستی میں امید ہے کہ ٹینس کو ملک بھر میں ترقی ملے گی۔