وزیر اعظم آزادجموں وکشمیر کے اعلان اور احکامات کے باوجود مہاجرین گزارہ الائونس سے محروم ہیں، خالد محمود زیدی

بدھ 10 اگست 2022 20:49

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اگست2022ء) جے آئی یوتھ آزادجموں وکشمیر کے صدر خالد محمود زیدی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم آزادجموں وکشمیر کے اعلان اور احکامات کے باوجود مہاجرین گزارہ الائونس سے محروم ہیں،مجاہدین و مہاجرین نے اپنا گھر بار ، ماں باپ بہن بھائی جائیداد سب کچھ قربان کیا لیکن آج وہ کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں ،جن کی دیکھ بحال حکومت وقت کی ذمہ داری ہے ، انہیں عام شہریوں کی طرح سہولیات فراہم نہ کرنا بڑی زیادتی ہے ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔خالد محمود زیدی نے کہاکہ مہاجرین جموں وکشمیر ہمارے مہمان اور مجاہدین ہمارے ہیرو ہیں ،ان ہی لوگوں کی بدولت آج تحریک آزادی کشمیر زندہ ہے لیکن افسوس سے کہنا پڑ رہا ہے کہ حکومت نے ان کے نام کے کئی ادارے قائم کر رکھے ہیں جن کے ذریعے بڑے بڑے لوگ عیاشیاں کر رہے ہیں اور ہمارے ان ہیروز کو چند سو روپے ماہانہ گزارہ الاؤنس دیا جاتا ہے لیکن وہ گزارہ الائونس بھی بند کیا ہوا ہے جس کی وجہ سے کئی گھرانوں کے چولہے جلنا بند ہو گے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی نے مہاجرین کی آمد کے وقت ان کی رہائش ،تعلیم،صحت اور ہر طرح کی سہولت فراہم کی ، تحریک آزادی کشمیر کی حقیقی پشتیبانی جماعت اسلامی نے کی ہے ،آزاد خطے کے مسائل اور تحریک آزادی کی پشتیبان جماعت اسلامی ہے ۔خالد محمود زیدی نے حکومت آزاد کشمیر کو خبردار کیا کہ اگر حکومت نے ان کے مسائل پر سنجیدگی نہ دیکھائی تو ہم ان کے ساتھ سڑکوں پر ہوں گے ،حالات کی خرابی کی تما م تر ذمہ داری حکومت پر ہو گی۔