جنگلی پرندوں کو اسمگل کرنے کی کوشش ناکام ،ملزمان گرفتار و جرمانہ

بدھ 10 اگست 2022 21:32

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اگست2022ء) سیکرٹری جنگلات ، جنگلی حیات و ماہی پروری پنجاب کیپٹن (ر) محمد ظفر اقبال کی خصوصی ہدایت پر ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات و پارکس پنجاب مبین الٰہی کی زیر قیادت محکمہ صوبہ میں جنگلی حیات کے غیرقانونی شکار اور ناجائز اسمگلنگ کیخلاف پوری تندہی سے سرگرم عمل ہے جس کے نتیجے میں روزانہ بروقت کارروائی کرکے غیرقانونی شکار کی کوششوں کو ناکام بنایا جاتا ہے۔

ایسی ہی ایک کامیاب کارروائی کے دوران ڈپٹی ڈائریکٹروائلڈلائف ساہیوال ریجن جام ذوالفقار علی کی ہدایت پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈلائف ضلع اوکاڑہ امانت علی انجم نے وائلڈلائف انسپکٹر ریاض احمد اور ہیڈ وائلڈلائف واچر رائے اعجاز احمد کے ہمراہ اوکاڑہ دیپالپور چوک میں پولیس کے تعاون سے ناکہ بندی کرکے ایک مشکوک کیر ی ڈبہ کو روکا جس میں پنجروں میں مقید جنگلی طوطوں کی کثیر تعداد کسی دوسرے شہر اسمگل کی جارہی تھی کو تحویل میں لیکر دو ملزمان محمد تنویر ولد عبداللطیف اورمحمد امیر حمزہ ولد محمد اسحاق کو گرفتار کرلیا ۔

(جاری ہے)

ملزمان کے خلاف وائلڈلائف ایکٹ کی خلاف ورزی پر چالان مرتب کیا گیا تاہم ملزمان کی جانب سے کیس کمپائونڈ کرنے کی درخواست پر دونوں ملزمان کو مجموعی طور پر مبلغ ایک لاکھ روپے محکمانہ معاوضہ کی مد میں جرمانہ وصول کرکے کیس نمٹا دیا ۔