Live Updates

عمران نیازی سے ملک و قوم بالخصوص نوجوان نسل کو بچانا ہوگا، شہبازگل اور اس کی پشت پناہی کرنیوالوں کو قانون کے مطابق سخت سے سخت سزا دی جائے،حافظ محمد امجد کی پریس کانفرنس

بدھ 10 اگست 2022 22:15

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اگست2022ء) پاکستان مسلم لیگ(ن)علماومشائخ ونگ پنجاب کے صوبائی جنرل سیکرٹری صاحبزادہ حافظ محمد امجد نے کہا ہے کہ عمران نیازی کے شر سے ملک و قوم بالخصوص نوجوان نسل کو بچانا ہوگاکیونکہ عمران نیازی پاکستان میں نہ صرف یہودیوں کے ایجنڈے کو منظم سازش کے ذریعے پروموٹ کر رہا ہے بلکہ شہباز گل جیسے مہروں کے ذریعے عوام کو اپنے اداروں کے خلاف بغاوت پر بھی اکسایا جارہا ہے لہٰذا ان کے فتنہ و فساد اور بغاوت کا راستہ روکنے کیلئے ان کے خلاف سخت کاروائی کرتے ہوئے انہیں نشان عبرت بنانا ہوگا تاکہ ملک میں انارکی کو روکا جاسکے۔

وہ بدھ کی شام نڑوالا روڈ جناح کالونی فیصل آبادمیں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔ اس موقع پر ڈویژنل صدر پیر فضل رسول،ضلعی صدر خالد محموداعظم آبادی،ڈویژنل سیکرٹری حافظ عمرفاروق ارشد، ضلعی سیکرٹری حافظ محمد ایوب اعوان، قاری محمد حنیف بھٹی، مولانا محمد یوسف انور،قاری محمد ارشد، مر شد طارق اسلم و دیگررہنما بھی موجودتھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے دولت اور اقتدار کی ہو س میں ملک و قوم کو تباہی کے دہانے لاکھڑا کیا ہے لیکن قوم اب یہ جان گئی ہے کہ بیرون ممالک بالخصوص اسلام و پاکستان کے دشمن ممالک سے خیرات حاصل کر کے ملک و قوم کے خلاف استعمال کرنے والے کسی صورت پاکستان کے وفا دار نہیں ہو سکتے۔

انہوں نے کہا کہ شہدائے وطن کی قربانیوں کا تمسخر اڑانے والے بیرون ملک کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں جن کی اس ملک میں کوئی جگہ نہیں لہٰذا ہم حکومت اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ شہباز گل اور اس کی پشت پناہی کرنیوالوں کو قانون کے مطابق سخت سے سخت سزا دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہباز گل سب کچھ عمران خان کی ایما پر کر رہا ہے جو شروع دن سے نوجوان نسل کو گمراہ، بد تہذیب کرنے کے ساتھ ساتھ گالم گلوچ اوراقدار کی پامالی کے گھناؤنے منصوبے پر عمل پیرا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چور چور کا شور مچانے والا خود دنیا کا سب سے بڑا چور نکلا جس نے خیرات کے نام پر فنڈز اکٹھے کرکے سیاست پر لگا دئیے۔حافظ محمد امجدنے کہا کہ ریاست مدینہ کی بات کرنے والا دین کی الف ب سے بھی ناواقف ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج اور دیگر ریاستی اداروں کے خلاف مہم چلانے والے شہباز گل اور اس کے حواریوں کو عبرت کا نشان بنایا جائے تاکہ آئندہ کسی کی جرات نہ ہو کہ وہ پاک فوج میں بغاوت ڈالنے کا سوچ بھی سکے۔

انہوں نے حکومت سے قومی اداروں کیخلاف سازش،فارن فنڈنگ کیس اور قومی اداروں کی تضحیک میں ملوث رہنماؤں اور عناصر کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہا کہ مذہب کو استعمال کرکے سیاسی اور سماجی منافرت پھیلانے پر دیگر تنظیموں کی طرح پی ٹی آئی اور عمران نیازی پر بھی تاحیات پابندی عائد کی جائے۔ا نہوں نے کہا کہ فوج میں بغاوت کو فروغ دینے کی ناپاک کوشش و انتشار پھیلانے اور نوجوان نسل کو گمراہ کرنے والے عناصر کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹنا ہوگا اسلئے وہ حکومت سے توقع رکھتے ہیں کہ وہ کسی سیاسی مصلحت یا دباؤ کا شکار ہوئے بغیر قانون کو اپنا راستہ اختیار کرنے دے گی تاکہ پاکستان کو کسی بڑے سانحہ سے بچانا ممکن ہوسکے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات