Live Updates

عمران خان ٹی وی پر آکر لوگوں کو بغاوت پر اکسا رہے ہیں

میں پوچھنا چاہتا ہوں کون ہے جو عمران خان کو فوج سے لڑانا چاہتا ہے۔ وفاقی وزیر پیٹرولیم مصدق ملک کا ردعمل

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 10 اگست 2022 19:22

عمران خان ٹی وی پر آکر لوگوں کو بغاوت پر اکسا رہے ہیں
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 اگست 2022ء) وفاقی وزیر پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ عمران خان ٹی وی پر آکر لوگوں کو بغاوت پر اکسا رہے ہیں، میں پوچھنا چاہتا ہوں کون ہے جو عمران خان کو فوج سے لڑانا چاہتا ہے۔ انہوں نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خطاب پر اپنے ردعمل میں کہا کہ میں پوچھنا چاہتا ہوں کہ کون ہے جو عمران خان کو فوج سے لڑانا چاہتا ہے،  شہبازگل نے نوجوانوں کو اکسانے کی کوشش کی، کیا ہمارے کہنے پر شہبازگل نے بیان دیا؟ پی ٹی آئی کا سوشل میڈیا جو ٹرینڈ چلاتا ہے کیا وہ ہمارے کہنے پر چلاتا ہے؟ عمران خان نے بھارت جا کر پاکستان کیخلاف  بات کی تھی، عمران خان ٹی وی پر آکر لوگوں کو بغاوت پر اکسا رہے ہیں، کیا شہدا کیخلاف منفی ٹرینڈ ہمارے کہنے پر چل رہے ہیں۔

اسی طرح پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ آج جن حالات کا ARY کو سامنا ہے وہ ان کے اپنے اعمال کی وجہ سے ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جھوٹ، بہتان اورلوگوں کی عزتیں اچھالنا ہمیشہ نہیں چل سکتا۔ صحافت کی آڑ میں مال بنانا اور خبروں کے نام پر ملک میں انتشار، فتنہ پھیلانا غنڈہ گردی تو ہوسکتی ہے صحافت نہیں۔

اسی لیے آج کوئی جیّد صحافی ان کا ساتھ دینے سے قاصر ہے۔ مزید برآں وفاقی حکومت نے پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کی متنازع بیان پر گرفتاری کے بعد عندیہ دیا ہے کہ عمران خان کو بھی گرفتار کیا جا سکتا ہے ۔دنیا نیوز کی رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عمران خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔ متنازع بیان دینے کا فیصلہ جس اجلاس میں ہوا تمام شرکاء کے خلاف مقدمہ درج ہو گا ضرورت پیش آئی تو عمران خان کو گرفتار کریں گے۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ بیان دینے کی ڈیوٹی شہباز گل اور فواد چودھری کی لگی دیکھنا ضروری ہے کیا اس بیان کے پیچھے پارٹی پالیسی تھی ،ان سے بڑی غلطی ہوئی ہے اور اب اس سے یہ کور نہیں کر سکیں گے۔خیال رہے کہ شہباز گل کو گذشتہ روز گرفتار کیا گیا تھا۔آج اسلام آباد کی عدالت نے غداری کے مقدمے میں گرفتار پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

شہباز گل کو اسلام آباد کچہری میں پیش کیا گیا جہاں ڈیوٹی مجسٹریٹ عمر شبیر نے کیس کی سماعت کی۔اسلام آباد پولیس کی جانب سے عدالت سے شہباز گل کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی۔ شہباز گل کے وکیل فیصل چوہدری نے عدالت میں جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی مخالفت کی۔ پولیس نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزم شہباز گل سے موبائل فون برآمد کرنا ہے۔

ملزم جس پیپر کو دیکھ کر بول رہا تھا وہ بھی برآمد کرنا ہے۔پروگرام کس کے کہنے پر ہوا اس بارے میں بھی تفتیش کرنی ہے لہٰذا ملزم کا جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔اسلام آباد کی عدالت نے غداری کے مقدمے میں گرفتار پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔ عدالت کی جانب سے کوہسار پولیس کو شہباز گل کو جمعہ کے روز دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات