وزیربلدیات ناصر شاہ نے بارشوں کے حوالے سے تمام متعلقہ اداروں کو فوری طورپرضروری ہدایات جاری کردیں

بدھ 10 اگست 2022 22:34

وزیربلدیات ناصر شاہ نے بارشوں کے حوالے سے تمام متعلقہ اداروں کو فوری ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اگست2022ء) وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے سندھ میں حالیہ بارشوں کے حوالے سے تمام متعلقہ اداروں کو فوری طورپرضروری ہدایات جاری کردی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ، ڈی ایم سیز، کے ایم سی، سندھ سالڈ ویسٹ کا عملہ اور افسران مسلسل ڈیوٹی پر موجود ہیں اور صوبے میں کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کی تیاریاں پہلے ہی کی جاچکی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صوبے میں بارشوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے اورکراچی سمیت پورے صوبے میں انتظامیہ متحرک ہے۔ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پانی کی نکاسی کا کام بارش کے بعد کیا جاتا ہے۔ بارش کے پانی کی نگرانی کے لئے تمام بلدیاتی اداروں کے افسران کو ہدایت دے دی گئی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ تمام ترضروری مشینری اور عملہ کام پر موجود ہے اور حالات بہتر ہیں۔وزیر بلدیات نے متعلقہ حکام کو یہ ہدایت بھی کی کہ اہم شاہراہوں پر پانی کی نکاسی کے ساتھ ٹریفک کی روانی کو بھی یقینی بنایا جائے۔