بنگلہ دیش نے زمبابوے کو تیسرے ون ڈے میچ میں 105 رنز سے شکست دیدی

بدھ 10 اگست 2022 22:52

ہرارے (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اگست2022ء) بنگلہ دیش نے زمبابوے کو تیسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں 105 رنز سے شکست دے دی، 257 رنز کے ہدف کے تعاقب میں زمبابوین ٹیم 151 رنز پر آئوٹ ہوگئی، زمباوے نے ون ڈے سیریز 2-1 سے اپنے نام کرلی، بنگلہ دیش کے عفیف حسین کو میچ جبکہ زمبابوین بیٹر سکندر رضا کو شاندار آل رائونڈ پرفارمنس پر سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

بدھ کو ہرارے میں کھیلے گئے ون ڈے سیریز کے آخری میچ میں بنگلہ دیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 256 رنز بنائے۔ عفیف حسین نے 85 رنز کی ناٹ آئوٹ اننگز کھیلی۔ انعام الحق 76 اور محمداللہ 39 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ زمبابوے کی طرف سے براڈ ایوانس اور لیوک جونگے نے دو دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ رچرڈ انگاروا اور سکندر رضا نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

(جاری ہے)

بنگلہ دیش کے 257 رنز کے ہدف کے تعاقب میں زمبابوین ٹیم 33ویں اوور میں 151 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ سیریز کے گزشتہ میچوں کے ہیرو سکندر رضا بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوگئے۔ رچرڈ نے 34 رنز کی ناٹ آئوٹ اننگز کھیلی۔ وکٹر نیوچی 26 اور کلائیو مڈانڈے 24 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ ان کے علاوہ کوئی بیٹر جم کر نہ کھیل سکا۔ بنگلہ دیش کے فاسٹ بائولر مستفیض الرحمان نے شاندار بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 17 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں۔تیجل السام اور عبادت حسین نے دو دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ اس شکست کے باوجود زمبابوے نے سیریز 2-1 سے اپنے نام کرلی۔

متعلقہ عنوان :