جنگلات کی مانیٹرنگ کا نظام مزید موثر بنایا جائے گا، وزیر جنگلات عباس علی شاہ

بدھ 10 اگست 2022 22:53

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اگست2022ء) وزیر جنگلات عباس علی شاہ کی زیر صدارت محکمہ جنگلات کا اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں سیکرٹری جنگلات ظفر اقبال نے وزیر جنگلات کو محکمانہ پراجیکٹس پر بریفنگ دی۔ اس موقع پر وزیر جنگلات اور محکمہ کے سینئر افسران مابین باہم تعارف کا تبادلہ کیا گیا۔ وزیر جنگلات نے افسران کے ساتھ محکمہ کی بہتری کے لئے بیشتر امور پر تبادلہ خیال کیا اور کہا کہ شارٹ ٹرم اور لانگ ٹرم منصوبوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ہمیں اپنے کام کو آگے بڑھانا ہے۔

عباس علی شاہ نے محکمہ جنگلات کو ایک مثالی ڈیپارٹمنٹ بنانے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی سطح پر کرپشن کی ہر صورت حوصلہ شکنی کی جائے گی۔ اس ضمن میں سابقہ ہم منصب کے تجربات سے بھرپور استفادہ کروں گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ٹین بلین ٹری سونامی پروگرام کے متعین ریجنل ٹارگٹس کو مکمل کرنے کیلئے تمام وسائل اور صلاحیتیں بروئے کار لائی جائیں۔

اجلاس میں جنگلات کی مانیٹرنگ اور ایولیشن کے نظام کو مزید فعال کرنے اور اس ضمن میں مین پاور بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال بھی ہوا۔ عباس علی شاہ نے جنگلات اور جنگلی حیات کی ترقی کیلئے افسران کو بھرپور کردار ادا کرنے کی ہدایات دیتے ہوئے مزید کہا کہ کم وسائل میں زیادہ آٹ پٹ دینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ درختوں کی حفاظت کیلئے کسی سفارش کو خاطر میں نہیں لایا جائے گا اور درخت کٹائی پر جرمانہ اور سزا سسٹم کو مزید مضبوط اور وسیع کیا جائے گا۔

عباس علی شاہ نے سیکرٹری جنگلات کو جانوروں کے شکار کا لائسنس سسٹم ریگولیٹ کرنے کی ہدایات بھی دیں اور کہا کہ بغیر لائسنس شکار کی ہر صورت حوصلہ شکنی کی جائے۔ اجلاس میں تیتر کی بریڈنگ بڑھانے پر بھی غور و حوض ہوا اور وزیر جنگلات نے اس ضمن میں موثر لائحہ عمل مرتب کرنے کی ہدایت کی۔

متعلقہ عنوان :