Live Updates

تحریک انصاف نے سوشل میڈیا پر لوگ چھوڑے ہوئے ہیں جو اداروں کے حوالے سے کچھ بھی بولتے ہیں، صوبائی وزیر محنت وافرادی قوت سعید غنی کی پریس کانفرنس

بدھ 10 اگست 2022 23:00

تحریک انصاف نے سوشل میڈیا پر لوگ چھوڑے ہوئے ہیں جو اداروں کے حوالے سے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اگست2022ء) سندھ کے وزیر محنت وافرادی قوت سعید غنی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے سوشل میڈیا پر لوگ چھوڑے ہوئے ہیں جو اداروں کے حوالے سے کچھ بھی بولتے ہیں،پاکستان پیپلز پارٹی کو ہر الیکشن میں دھاندلی کرکے ہرایا گیا،مگرعمران خان انوکھا لاڈلا ہے جسے دھاندلی کرکے جتوایا گیا تھا۔وہ بدھ کو سندھ ہائوس اسلام آباد میں پریس کانفرنس کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ جس بد زبانی کو عمران خان اور ان کی پارٹی پروان چڑھا رہی ہے اس کو اب روکنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ عمرانی ٹولہ نے تمام حدود پار کرتے ہوئے شہید فوجی جوانوں پر بھی بدزبانی بند نہیں کی۔جو لوگ تحریک انصاف نےآلہ کار کے طور پر استعمال کئے اب وہ لوگ معافی مانگتے ہیں کہ ہمیں گمراہ کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

سعید غنی نے کہا کہ شہباز گل سے بہت مناسب رویہ رکھا گیا ہے۔

شہباز گل نے بد زبانی کرتے ہوئے جو بیان دیا وہ اداروں کی تحقیر کرنے کی سوچی سمجھی سازش کے سلسلہ کی کڑی ہے جو عمران نیازی طویل عرصے سے بولتے آرہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان اور ان کی حکومت نےچیئرمین نیب کو ویڈیو سے بلیک میل کرکے من مانے نتائج حاصل کئے۔عمران خان کو بتانا ہوگا کہ اسرائیل اور بھارتی لوگ فنڈ کیوں دے رہے تھے ان کے کیا مقاصد تھے۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ ابھی ادھورا ہے۔ اس فنڈنگ کی تحقیقات ہونی چاہئے کہ 2013 سے2022 تک اور کس کس سے فنڈنگ ہوئی۔عمران خان نے بیرون ممالک سے پیسے لے کر آئین کی خلاف ورزی کی۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد عمران خان کرپٹ اور جھوٹا ثابت ہوا ہے۔ پنکی پیرنی کی دوست اور فرنٹ پرسن گوگی جب بھاگی تو سوائے عمران خان کے کوئی اس کی وکالت نہیں کررہا تھا۔

انہوں نے کہا کہ عمران حکومت میں اگرکوئی قانون کتاب سے حوالہ دے دیتا تھا تو اسے اٹھا لیا جاتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ فوج ایک اہم ادارہ ہےلہذا پاک فوج پر جو بھی کوئی بات کرتاہے اس کو آئین کے تحت سزا ملنی چاہئے۔اداروں کا احترام ہم سب کو کرنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ شہباز گل نے جو کہا وہ عمران کے ذہن کی تشریح ہے۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ عمران بچی کو اپنا نہیں مانتا گوگی کی کرپشن نہیں مانتا اور ملک تباہ کرکے نہیں مانتالیکن یہی عمران خان آج مودی کے گیت گا رہا ہے۔

انہوں کہا کہ اس وقت عمران خان پاکستان کے لیے سب سے بڑا سیکورٹی رسک بن چکے ہیں۔بھارتی ٹی وی پر وہاں کے لوگ کہتے ہیں کہ عمران ہمارا کام اچھی طرح کررہا ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ عمران کے بچے بیرون ملک میں ہیں پاکستان میں اسکا کون ہے۔اس لئے ملک وقوم کی اس کو کوئی پرواہ ہے نہ کوئی فکر ہے۔انہوں نے کہا کہ لاڈلے عمران کو تو ہر سطح پر تحفظ دیا جاتا ہے، اب اداروں کو بے توقیر کرنے پر گرفتاریوں پرتحریک انصاف چیخ رہی ہے۔

میں کہتا ہوں اس سلسلہ میں مقدمات میں ملوث لوگوں کو سندھ کی جیلوں میں بھیجا جائے اگر سندھ کے لوگوں کو الزام پر اڈیالہ رکھا جاسکتا ہے تو شہباز گل کوبھی سندھ کی جیل میں رکھا جائے۔پیپلزپارٹی آج بھی میڈیا کی آزادی، الیکشن کمیشن، جمہوری اداروں کی آزادی کے حق میں ہے۔انہوں نے کہا کہ شہباز گل نے جو کچھ کہا ہے وہ آئسو لیشن میں نہیں کہا، یہی سارا کچھ عمران خان بہت عرصہ سے کہہ رہے تھے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات