Live Updates

عمران خان کے چیف آف اسٹاف نے نجی چینل پر ان کا لکھا ہوا اسکرپٹ پڑھا، مریم ارو نگزیب

کوئی پاکستانی سوچ نہیں سکتا شہدا کے خلاف اس طرح کی مہم چلائی جائے،مہم چلانے والے پکڑے گئے اوراعتراف کیا کہ آپ اور پارٹی کے کہنے پر مہم چلائی، آپ ہر روز نفرت کے بیج بورہے ہیں، جسے اب آپ کاٹ رہے ہیں،تمام احکامات بنی گالا سے آرہے تھے اور اس کے تمام ثبوت عوام کے سامنے پیش کیے جائیں گے، وزیر اطلاعات

بدھ 10 اگست 2022 22:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اگست2022ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان کے چیف آف اسٹاف نے نجی چینل پر ان کا لکھا ہوا اسکرپٹ پڑھا، کوئی پاکستانی سوچ نہیں سکتا شہدا کے خلاف اس طرح کی مہم چلائی جائے،مہم چلانے والے پکڑے گئے اوراعتراف کیا کہ آپ اور پارٹی کے کہنے پر مہم چلائی، آپ ہر روز نفرت کے بیج بورہے ہیں، جسے اب آپ کاٹ رہے ہیں،تمام احکامات بنی گالا سے آرہے تھے اور اس کے تمام ثبوت عوام کے سامنے پیش کیے جائیں گے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہاکہ ایک شخص ٹی وی سکرین پر نمودار ہوا جو خوف اور گھبراہٹ کا شکار تھا، لائٹ اور کیمرہ دینے والے بھی عمران خان کی پریس ٹاک سے غائب تھے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ عمران خان نے بار بار کہا کہ پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کو فوج سے لڑانے کی کوشش کی جا رہی ہے، عمران خان نے کہا کہ ان کی پارٹی کو توڑنے کی کوشش کی جا رہی ہے، عمران خان نے کہا کہ انہوں نے توشہ خانہ میں کوئی خلاف ورزی نہیں کی۔

مریم اورنگزیب نے کہاکہ اگر کوئی پی ٹی آئی کو نقصان پہنچا رہا ہے تو اس شخص کا نام عمران خان ہے، عمران خان صاحب ! آپ کے چیف آف اسٹاف اور ترجمان نے آپ کا لکھا ہوا سکرپٹ اے آر وائے ٹی وی چینل پر پڑھا، اے آر وائے نے تمام صحافتی تقاضوں کی دھجیاں اڑاتے ہوئے اسے آن ایئر کیا۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ آپ کے لکھے ہوئے بیان کو آپ کے چیف آف اسٹاف نے پڑھا، عمران خان اس لئے گھبرائے ہوئے تھے کہ انہوں نے اپنی پارٹی کے سوشل میڈیا کے ٹرولز کے ذریعے شہدا کے خلاف مہم چلائی۔

انہوںنے کہاکہ عمران خان نے ان شہداء کے خلاف مہم چلائی جنہوں نے وطن عزیز کے لئے اپنی جانوں کے نظرانے پیش کئے، عمران خان کے اکسانے پر سوشل میڈیا پر شہداء کے خلاف بھرپور مہم چلائی گئی۔ انہوںنے کہاکہ جب ٹرولرز پکڑے گئے تو انہوں نے کہا کہ ہم نے عمران خان کے کہنے پر یہ مہم چلائی، یہ مہم پاکستانیوں، شہداء کی فیملیوں اور مسلح افواج کے خاندانوں نے بھی دیکھی۔

مریم اورنگزیب نے کہاکہ کوئی محب وطن پاکستانی اپنی فوج اور شہداء کے بارے میں ٹرولنگ کا سوچ بھی نہیں سکتا۔انہوںنے کہاکہ جو نفرت کے بیج عمران خان نے بوئے آج وہ اسے کاٹ رہے ہیں، عمران خان کی پوری سیاست نفرت، فتنہ، انتشار، غنڈہ گردی اور فساد پر مبنی ہے۔انہوںنے کہاکہ شہداء کی فیملیوں کے خلاف پی ٹی آئی کے ٹرولرز اور بشریٰ بی بی کے بیٹے ارسلان نے مہم چلائی۔

انہوںنے کہاکہ افواج پاکستان کے ساتھ لڑائی عمران خان نے شروع کی، عمران خان اپنا موازنہ نواز شریف کے ساتھ کرتے ہیں، نواز شریف تین مرتبہ کے منتخب وزیراعظم تھے، ان کے سینے میں بھی راز تھے اور انہوں نے ملک کی خاطر خاموشی اختیار کی۔وزیر اطلاعات نے کہاکہ نواز شریف نے اس وقت کہا تھا کہ ادارے آئینی حدود میں رہ کر کام کریں، آج بھی ہمارا یہی موقف ہے۔

انہوںنے کہاکہ عمران خان کہتے ہیں کہ ادارہ سیاست میں مداخلت کرے، عمران خان کہتے ہیں کہ اگر ادارہ ان کی کرسی نہ بچائے تو وہ جانور ہے۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان کے چیف آف اسٹاف، ترجمان اور نمائندے نے جو بیان دیا، وہ عمران خان کی ہدایت پر دیا، تمام ثبوت عوام کے سامنے پیش کئے جائیں گے۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان کے ترجمان نے کہا کہ لانس نائیک سے لے کر بریگیڈیئر تک پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ منسلک ہیں، عمران خان نے انہیں اپنے اوتھ کی خلاف ورزی کرنے پر اکسایا، عمران خان نے فوج کی کمان کے احکامات ماننے سے انکار کرنے پر انہیں اکسایا۔

انہوںنے کہاکہ عمران خان نے خیالی میڈیا سیل کو حکومت پاکستان کے ساتھ جوڑا اور الزام عائد کیا کہ یہ میڈیا سیل حکومت پاکستان کے ساتھ شہداء کے خلاف مہم چلا رہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ یہ عمران خان کی ذہنیت ہے، وہ ملک میں آگ لگانا چاہتے ہیں، انہوں نے اداروں کے اندر بغاوت کی کال دی، تین مرتبہ کے منتخب وزیراعظم کو جب نکالا گیا تو انہوں نے ملک کی خاطر خاموشی اختیار کی، عمران خان کو معیشت تباہ کرنے، ملک کی اکائیوں کو توڑنے، ملک کے نوجوانوں کو بے روزگار کرنے پر اقتدار سے الگ کیا۔

انہوںنے کہاکہ جب انہیں اقتدار سے الگ کیا تو انہوں نے کہا کہ رجیم چینج ہے، 8 مارچ کا مراسلہ انہوں نے 28 مارچ کو اس وقت نکالا جب انہیں پتہ چلا کہ تحریک عدم اعتماد کامیاب ہو رہی ہے، عمران خان نے فارن فنڈنگ لے کر اپنی پارٹی کو فارن ایڈڈ پارٹی ڈیکلیئر کرایا۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان نے اپنی پارٹی کو بھی خراب کیا، ملک کو بھی خراب کیا اور اب اداروں کی ساکھ کو بھی خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جب فارن فنڈنگ لی جاتی ہے تو پھر کمٹمنٹس بھی پوری کی جاتی ہیں۔

انہوںنے کہاکہ پی ٹی آئی کو کسی نے نقصان پہنچایا ہے تو اس کا نام عمران خان ہے، عمران خان نے 351 فارن کمپنیوں سے فنڈنگ لی، اس وجہ سے پی ٹی آئی فارن ایڈڈ پارٹی ڈیکلیئر ہوئی، عمران خان نے خیرات کے پیسے لے کر ذاتی استعمال میں لائے۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان نے جعلی بیان حلفی جمع کروائے، اپنے ملازمین کے نام پر پیسے منگوائے، آج اس کی تحقیقات ہو رہی ہیں تو وہ خوف میں مبتلا ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات