یورپ میں پی آئی اے کی پروازوں کی بندش کی بنیادی وجہ سابق وزیر ہوابازی کا غیر محتاط بیان تھا،سعد رفیق

یورپ میں پی آئی اے کے روٹس کھلوانے کی کوششیں جاری ہیں، توقع ہے جلد ہی مثبت اثرات سامنے آئیں گے، ذاتی طور پر نیویارک میں روز ویلٹ ہوٹل کو بیچنے کے خلاف ہوں، یہ پرانی پراپرٹی ہے، اس کے 300سے 400کمرے امریکہ کے کسی بڑے بلڈر کے ساتھ مل کر جوائنٹ وینچر کے ذریعے بحال ہونے چاہئیں، نئی ایوی ایشن پالیسی میں سیف گارڈز لانے کیلئے کام جاری ہے، پی آئی اے کے لئے چھوٹے روٹس پر پروازیں چلانا نقصان کا باعث ہے، وزیر ریلوے

بدھ 10 اگست 2022 22:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اگست2022ء) وفاقی وزیر ریلوے اور شہری ہوا بازی کے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ یورپ میں پی آئی اے کی پروازوں کی بندش کی بنیادی وجہ سابق وزیر ہوابازی کا غیر محتاط بیان تھا، یورپ میں پی آئی اے کے روٹس کھلوانے کی کوششیں جاری ہیں، توقع ہے جلد ہی مثبت اثرات سامنے آئیں گے، ذاتی طور پر نیویارک میں روز ویلٹ ہوٹل کو بیچنے کے خلاف ہوں، یہ پرانی پراپرٹی ہے، اس کے 300سے 400کمرے امریکہ کے کسی بڑے بلڈر کے ساتھ مل کر جوائنٹ وینچر کے ذریعے بحال ہونے چاہئیں، نئی ایوی ایشن پالیسی میں سیف گارڈز لانے کیلئے کام جاری ہے، پی آئی اے کے لئے چھوٹے روٹس پر پروازیں چلانا نقصان کا باعث ہے۔

بدھ کو وقفہ سوالات کے دوران وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پی آئی اے کے حالات ایسے نہیں ہیں کہ جہاز خریدنے کے لئے کوئی ٹینڈر جاری کر سکے۔

(جاری ہے)

ڈرائی لیز پر جہاز لینا چاہتے ہیں، دو جہاز آچکے ہیں، دو اور آجائیں گے۔ اگلا ہدف تین اے 330 جہاز لینے کا ہے، پیپرا قوانین پر عملدرآمد کرتے ہوئے شفاف انداز میں لیں گے۔ پائلٹس کے جعلی لائسنسوں کے حوالے سے بیان نے پاکستان کی ساکھ کو بدنام کیا، یورپ میں ہماری پروازیں بند ہوئیں۔

سابق وزیر ہوابازی کا یہ بیان غیر محتاط بیان تھا۔ ان کے اس بیان کو وزارت کی سپورٹ نہیں تھی، یہ ان کی طرف سے ایوی ایشن انڈسٹری کے خلاف ایف آئی آر تھی۔ ہمارے دوست ممالک بھی چاہتے ہیں کہ ہمارے وہ روٹس نہ کھلیں اور یہ بزنس ان کے پاس رہیں، ہم یہ روٹس کھلوانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ امریکہ میں ہمارا روز ویلٹ ہوٹل ہے، میں ذاتی طور پر اس ہوٹل کو بھیجنے کے خلاف ہوں ، ہم اس پراپرٹی کا تحفظ کرنا چاہتے ہیں، اس پر کچھ پیسے لگا کر اس کے 1000 سے زائد کمروں میں سے 300 سے 400 کمرے بحال کریں گے، یہ کیس ہم ای سی سی میں لے کر گئے ہیں۔

یہ پرانی پراپرٹی ہے، وہاں کے کسی بڑے بلڈر کے ساتھ مل کر جوائنٹ وینچر کے ذریعے اس کو بحال ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ایوی ایشن پالیسی میں سیف گارڈ ڈالے جائیں، اس پر کام کر رہے ہیں۔ چھوٹے روٹس پر پروازیں چلانا نقصان کا باعث ہوتا ہے جو پی آئی اے کے لئے قابل عمل نہیں ہے۔ طاہرہ اورنگزیب کے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ جن جن روٹس پر پروازیں بند ہوئیں وہ جہاز کہیں نہیں گئے وہ یہی ہیں، انہیں دوسرے روٹس پر چلایا جارہا ہے۔

ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کے سوال کے جواب میں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ برٹش ایئر ویز اس مہینے سے پاکستان میں اپنی پروازیں بحال کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمیں یہ مان لینا چاہیے، بہت سے لوگ اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کرتے، لوگوں کو ذمہ داریاں پوری کرنی چاہئیں۔وزارت شہری ہوابازی کی جانب سے پارلیمانی سیکرٹری ملک سہیل خان نے کہا کہ اسلام آباد سے چترال دو پروازیں ہیں، لاہور اور پشاور سے فاصلہ کم ہونے کی وجہ سے محکمہ کے مطابق یہ قابل عمل نہیں ہے۔

سیاحت کے فروغ کے لئے ہم مولانا عبدالاکبر چترالی کی تجاویز پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے۔ رحیم یار خان کے لئے پروازوں کی بحالی کے بارے میں شیخ فیاض الدین کے سوال کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری ملک سہیل خان نے کہا کہ رحیم یار خان سے پروازوں کی بحالی پر غور کرکے جلد جواب دیں گے۔ مولانا عبدالاکبر چترالی نے کہا کہ چترال تاجکستان اہم معاملہ ہے، اس پر رولنگ دے کر قائمہ کمیٹی کے سپرد کیا جائے۔ سپیکر نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ پارلیمانی سیکرٹری وزارت ہوابازی سے اس معاملہ پر رابطہ کرکے آپ کو بتائیں گے۔