کشمیری شہداء کی قربانیوںکو ہرگز رائیگاںنہیں جانے دیا جائیگا: اتحاد اسلامی

جمعرات 11 اگست 2022 14:30

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2022ء) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں اتحاد اسلامی جموں و کشمیر نے کہا ہے کہ کشمیری حریت رہنمائوں کی قربانیوں رائیگاں نہیں جائیں گی اورجلد ہی مقبوضہ کشمیرمیں آزادی کا سورج طلوع ہوگا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق اتحاد اسلامی کے وائس چیئرمین مولانا محمد نثار خان اصلاحی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ 11اگست 2008 کو شیخ عبدالعزیز نے کشمیر کاز کیلئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیاتھا۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام شیخ عبدالعزیز کی قربانیوں اورانکی شہادت کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ہندتوا تہذیب، زبان اورثقافت کی یلغار کے زریعے کشمیریوں کے مذہب ، ایمان ، ثقافت ، منفرد شناخت اور زبان مسخ کرنے کے درپے ہے۔

(جاری ہے)

مولانا محمد نثار خان نے کہا کہ ایک طرف بھارت کشمیری نوجوانوں کے قتل عام کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کی مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کررہا ہے جبکہ دوسری طرف کشمیریوں سے انکی زمینیں، گھر، سکول اور نوکریاں چھینی جار رہی ہیں۔

انہوں نے اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ وہ بھارتی فوج کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں جاری جنگی جرائم، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور گرفتاریوں کا سلسلہ بند کرائے اور کشمیری عوام کو انکا حق خودارادیت دلانے کیلئے اپنا اہم کردار ادا کرے۔