Live Updates

اسلام آباد ہائی کورٹ :جاوید اقبال ستمبر تک لاپتہ افراد کمیشن کے سربراہ کے عہدے پر برقراررہیں گے.عدالت

پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کے سربراہ تحریک انصاف کے منحرف رکن نورعالم کی جانب سے عہدے سے ہٹانے کی سفارش کے خلاف دائر کی گئی درخواست پرسماعت‘ پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی اگر کیس نہیں چلا رہی تو ان کی درخواست غیر موثر ہو جائے گی.قائمقام چیف جسٹس کے ریمارکس

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 11 اگست 2022 14:49

اسلام آباد ہائی کورٹ :جاوید اقبال ستمبر تک لاپتہ افراد کمیشن کے سربراہ ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-ا نٹرنیشنل پریس ایجنسی۔11 اگست ۔2022 ) اسلام آباد ہائی کورٹ نے قومی احتساب بیورو (نیب) کے سابق چیئرمین جاوید اقبال کو پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کے سربراہ تحریک انصاف کے منحرف رکن نورعالم کی جانب سے عہدے سے ہٹانے کی سفارش کے خلاف دائر کی گئی درخواست پر معطلی کے حکم میں ستمبر کے تیسرے ہفتے تک توسیع کر دی ہے.

(جاری ہے)

عدالت عالیہ نے رواں ماہ دو اگست کو جاوید اقبال کو لاپتہ افراد کمیشن کی سربراہی سے ہٹانے کا پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کا فیصلہ معطل کیا تھا جس میں آج توسیع کر دی گئی دوسری جانب چیئرمین نیب کی جانب سے ہراساں کیے جانے کے خلاف طیبہ گل کی شکایت پر بھی چیئرمین نیب نے ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا اسی طرح طیبہ گل نے عدالت میں اس کیس میں فریق بننے کی درخواست بھی دائر کی.

عدالت نے آج جمعرات کو ان تمام درخواستوں کو یکجا کر کے سنا اسلام آباد ہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس عامر فاروق نے ان درخواستوں پر سماعت کی. قومی اسمبلی کی پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کی جانب سے ایڈووکیٹ حافظ ایس اے رحمان پیش ہوئے جبکہ ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) نیب لاہور شہزاد سلیم کی جانب سے وکیل شعیب شاہین عدالت میں پیش ہوئے مختصر سماعت کے دوران ڈپٹی اٹارنی جنرل ارشد محمود کیانی نے عدالت کو بتایا کہ انکوائری کمیشن قائم ہو چکا ہے، باقی پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کے وکیل بات کریں گے جس پر جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ ’چیلنج صرف پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی میں کارروائی کو کیا گیا ہے اگر وہ کیس نہیں چلا رہے تو یہ درخواست غیر موثر ہو جائے گی.

ڈی جی نیب لاہور کے وکیل شعیب شاہین نے عدالت سے کہا کہ ابھی پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی نے ہمیں دوبارہ بلایا ہوا ہے پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کے علاوہ سارے کام کرتی ہے سماعت کے دوران پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کے وکیل نے کچھ وقت مہیا کیے جانے کی استدعا کی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے فریقین کو آئندہ سماعت پر دلائل دینے کی ہدایت دیتے ہوئے کیس کی سماعت ستمبر کے تیسرے ہفتے تک ملتوی کر دی ہے.
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات