خیبرپختونخوا کے پانچ اضلاع میں جی آئی ایس بنیادوں پر پراپرٹی ٹیکس سروے شروع کرنے کا فیصلہ

جمعرات 11 اگست 2022 16:36

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2022ء) خیبرپختونخوا حکومت کے زرائع کے مطابق پشاور سمیت صوبے کے 5اضلاع میں جی آئی ایس بنیادوں پر پراپرٹی ٹیکس سروے شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس پر 70کروڑ روپے خرچ کئے جائیں گے، صوبے میں جی آئی ایس بنیادوں پر پراپرٹی ٹیکس سروے پشاور، ڈی آئی خان ، صوابی ،مانسہرہ اور ہری پورکے اضلاع میں شروع کیا جائیگا .

(جاری ہے)

پشاور میں مذکورہ منصوبے پر 50کروڑ روپے خرچ کئے جائیں گے جبکہ رواں مالی سال کے دوران منصوبے کے لئے1کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں اسی طرح ڈی آئی خان ، صوابی ، مانسہرہ اور ہری پور میں جی آئی ایس سروے پر 20کروڑ روپے خرچ کئے جائیں گے.جبکہ رواں مالی سال کے بجٹ میں منصوبے کے لئے1کروڑروپے رکھے گئے ہیں، اسی طرح شہری جائیدادوں کی تفصیلات کیلئے محکمہ ایکسائز و ٹیکسیشن خیبرپختونخوا میں جی آئی ایس سیل بھی قائم کیا جائیگا جس پر5کروڑ روپے خرچ کئے جائیں گے جبکہ رواں مالی سال کے دوران سیل کے قیام کیلئے صوبائی حکومت نے2کروڑ50لاکھ روپے مختص کئے ہیں۔