درختوں کی کٹائی پر جرمانہ اور سزا سسٹم کو مزید مضبوط اور وسیع کیا جائے گا ، کمشنر رخشان ڈویژن

جمعرات 11 اگست 2022 16:43

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2022ء) کمشنر رخشان ڈویژن میر سیف اللہ کھتیران نے کہا ہے کہ درخت لگانا صدقہ جاریہ اور سنت رسول ؐہے،درخت ماحول کو خوبصورت اور دلکش بناتے ہیں اس لیے ہمیں چاہیے کہ ہر شخص نہ صرف ایک ایک درخت لگائے بلکہ ان کی دیکھ بھال کو بھی اپنی ذمہ داری سمجھے کیونکہ ماحول پر مرتب ہونے والی منفی تبدیلیوں کا حل صرف اور صرف درخت لگانے میں ہی ہے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعرات کومحکمہ جنگلات کے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں کمشنر رخشان ڈویژن کو محکمانہ پراجیکٹس پر بریفنگ دی گئی۔ ، اجلاس میں جنگلات کی مانیٹرنگ کو مزید فعال کرنےپر تبادلہ خیال بھی ہوا۔ کمشنر رخشان ڈویژن نے کہا کہ مختصر اور طویل مدت کے منصوبوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ہمیں اپنے کام کو آگے بڑھانا ہے، انہوں نے کہا کہ محکمہ جنگلات کو ایک مثالی محکمہ بنائیں گے، کسی بھی سطح پر کرپشن کی ہر صورت حوصلہ شکنی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ درخت فضائی آلودگی کو ختم اور آکسیجن فراہم کرتے ہیں۔ کمشنر نے جنگلات اور جنگلی حیات کی ترقی کیلئے افسران کو بھرپور کردار ادا کرنے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ کم وسائل میں زیادہ کارکردگی دکھانی ہے۔ انہوں نے کہا کہ درختوں کی کٹائی پر جرمانہ اور سزا سسٹم کو مزید مضبوط اور وسیع کیا جائے گا کیونکہ درخت غذائی ضروریات کے علاوہ پھل پھول ادویات بھی فراہم کرتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :