اسلام آباد ہائی کورٹ : جاوید اقبال کی عہدے سے ہٹانے کی سفارش معطلی کے حکم میں ستمبر کے تیسرے ہفتے تک توسیع

جمعرات 11 اگست 2022 16:51

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 اگست2022ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے طیبہ گل کی ہراساں کرنے کے خلاف شکایت سابق چیئرمین نیب جسٹس (ر)جاوید اقبال کی عہدے سے ہٹانے کی سفارش معطلی کے حکم میں ستمبر کے تیسرے ہفتے تک توسیع کر دی۔ عدالت نے فریقین کو آئندہ سماعت پر دلائل دینے کی ہدایت کی ہے۔ کیس کی سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس عامرفاروق نے کی۔

(جاری ہے)

ایڈووکیٹ حافظ ایس اے رحمان پبلک اکاؤنٹس کمیٹی جانب سے پیش ہو ے اس موقع پر ڈپٹی اٹارنی جنرل ارشد محمود کیانی نے عدالت کو بتایا کہ انکوائری کمیشن قائم ہو چکا ہے باقی پی اے سی کے وکیل بات کریں گے جس پر عدالت نے کہا کہ ادھر تو چیلنج صرف پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کو کیا ہے اگر وہ نہیں چلا رہے تو یہ غیر موثر ہو جائے گا۔ اس موقع پر ڈی جی نیب لاہور کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ایسا نہیں ہے ابھی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے ہمیں دوبارہ بلایا ہوا ہے ۔ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی،اکاؤنٹس کے علاوہ سارے کام کرتی ہے۔ عدالت نے فریقین کو دلائل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ستمبر کے تیسرے ہفتے تک ملتوی کردی ۔ اس کے ساتھ عدالت نے طیبہ گل کے کیس میں فریق بننے کی درخواست پر بھی نوٹس جاری کردئیے۔