مظفرآباد، شیخ عبدالعزیزکو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ریلی کا انعقاد

جمعرات 11 اگست 2022 20:41

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2022ء) کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیرشاخ نے ممتاز کشمیری رہنما شیخ عبدالعزیز کو ان کے 14ویں یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے جمعرات کو مظفرآباد میں ایک ریلی نکالی۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق شیخ عبدالعزیز کو 2008 ء میں آج کے دن بھارتی فوجیوں نے اس وقت گولی مار کر شہید کر دیا تھا جب وہ جموں کے ہندو انتہا پسندوں کی طرف سے وادی کشمیر کی معاشی ناکہ بندی کے خلاف سری نگر سے کنٹرول لائن کی طرف ایک جلوس کی قیادت کر رہے تھے۔

مظفرآباد میں برہان وانی شہید چوک پر بڑی تعداد میں لوگ جمع ہوئے اور عظیم شہید کو خراج عقیدت پیش کیا۔ریلی کے شرکاءنے شہید شیخ عبدالعزیز اور دیگر شہدا کشمیر کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مقبوضہ جموں وکشمیر پر بھارتی فوجی قبضے اور نریندر مودی کے خلاف بھی نعرے لگائے۔کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے رہنمائوں شیخ عبدالمتین، شیخ محمد یعقوب، زاہد صفی، امتیاز وانی، مشتاق احمد بٹ، سید اعجاز رحمانی، گلشن احمد، زاہد اشرف، عزیر احمد غزالی، انٹرنیشنل فورم فار جسٹس کے وائس چیئرمین مشتاق الاسلام، معروف عالم دین عبدالعزیز علوی، پیپلز پارٹی کے رہنما شوکت جاوید میر، مہاجرین ایکشن کمیٹی کے صدر گوہر کشمیری، مزمل اسلم، محمد یونس میر، قاری مقبول رحمان اور دیگر نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج شیخ عزیز کی چودہویں برسی اس عزم کی تجدید کے طور پر منائی جا رہی ہے کہ آزادی کی جدوجہد مکمل کامیابی تک جاری رکھی جائے گی۔

مقررین نے شہید عظمت کو ان کی آزادی، حق خود ارادیت اور کشمیری عوام کے حقوق کے لیے انتھک اور بے مثال جدوجہد پر خراج عقیدت پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جب جموں کے ہندو فسادیوں نے 2008 میں کشمیری تاجروں کا راستہ روک کر وادی کا بائیکاٹ کرنے کی کوشش کی تو شیخ عبدالعزیز نے ہزاروں لوگوں کے مظفرآباد چلو کارواں کی قیادت کی۔مقررین نے کہا کہ غیو ر کشمیری بھارت کے ظالمانہ اور سفاکانہ فوجی قبضے کے خلاف اپنی جدوجہد مقصد کے حصول تک جاری رکھیں گے۔ ریلی کے شرکانے برہان وانی شہید چوک سے گھڑی پن چوک تک مارچ کیا اور شیخ عبدالعزیز اور دیگر شہدائے کشمیر کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔