Live Updates

وزیراطلاعات سندھ کا کے پی حکومت سے مستعفی ہونے کا مطالبہ، پی ٹی آئی حکومت صوبہ میں قانون کی رٹ برقرار رکھنے میں ناکام ہوچکی، عمران خان فارن فنڈنگ کیس میں نااہل ہوں گے،شرجیل انعام میمن کی پریس کانفرنس

جمعرات 11 اگست 2022 20:53

وزیراطلاعات سندھ کا کے پی حکومت سے مستعفی ہونے کا مطالبہ، پی ٹی آئی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2022ء) سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت خیبرپختونخوا میں قانون کی رٹ برقرار رکھنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے اور عوام کو جرائم پیشہ عناصر کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے، پی ٹی آئی خیبرپختونخوا حکومت سے فوری طور پر مستعفی ہو،عمران خان فارن فنڈنگ کیس میں نااہل ہوں گے۔

جمعرات کو یہاں ایک ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ کے پی کے میں 14سال سے پی ٹی آئی کی حکومت ہے اور صوبے میں امن و امان کی صورتحال اس حد تک مخدوش ہو چکی ہے کہ صوبے کا وزیراعلیٰ اپنے آبائی علاقے صوابی میں جلسہ تک نہیں کرسکتا، پی ٹی آئی دورحکومت میں آرمی پبلک اسکول کا دل خراش واقعہ ہوا اور بنوں جیل توڑکر متعدد دہشت گرد فرار ہوگئے۔

(جاری ہے)

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ایک طرف عمران خان نے طالبان پر خیبرپختونخوا میں امن و امان کی خرابی کا الزام لگایا ہے تو دوسری طرف صوبائی حکومت کے ترجمان بیرسٹر سیف نے طالبان کے ملوث ہونے کی تردید کرتے ہوئے کوئی اور کہانی بیان کی ہے، اس حقیقت کا پتہ لگانے کے لیے تحقیقات ہونی چاہیے کہ کون سچ بول رہا ہے اور کون جھوٹی اور من گھڑت باتیں بیان کر رہا ہے۔

پاکستان کی مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پولیس نے ملک میں امن و امان کے قیام کے لیے مثالی قربانیاں دی ہیں جبکہ ملک دشمن اور غیر متعلقہ سرگرمیوں میں ملوث پی ٹی آئی نے غفلت اور نااہلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عوام باالخصوص کے پی کے شہریوں کو جرائم پیشہ عناصر کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان اور ان کے کچھ قریبی ساتھی جو دوسروں پر سازش کا الزام لگا رہے ہیں وہ خود پاکستان اور قوم کے خلاف گھنائونی سازش میں ملوث ہیں۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ عمران خان کو ان کی کرپشن اور وطن کے خلاف سازشوں کے باعث قانون جلد اپنی گرفت میں لے گا۔ عمران خان نے اپنے حالیہ انٹرویو میں بنگلہ دیش کا حوالہ دیا جبکہ خان اور ان کے ساتھیوں نے اقتدار سے بے دخل ہونے کے بعد سے ریاست مخالف اور اداروں کے خلاف بیانیہ کا مسلسل پروپیگنڈا کیا۔ شرجیل انعام میمن نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستانی قوم ریاست مخالف عناصر سے باخبر ہے اور ان کی سازشوں اور مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم اور محب وطن سیاسی قوتیں اچھی طرح جانتی ہیں کہ مادر وطن کے ایک ایک انچ کا دفاع کیسے کیا جاتا ہے۔وزیراطلاعات سندھ نے حکیم سعید اور ڈاکٹر اسرار احمد مرحوم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دونوں علمی شخصیات نے کئی دہائیاں قبل نشاندہی کی تھی کہ عمران خان ایک غیر ملکی ایجنٹ ہے جسے قوم کے خلاف کام کرنے کے لئے استعمال کیا جائے گا۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ عمران خان نے توشہ خانہ سے تحائف ہڑپ کیے اور بعد میں دبائو بڑھنے پرتھوڑی سی رقم ادا کردی جبکہ اس مشکوک ڈیل سے حاصل ہونے والے منافع کو ظاہر نہیں کیا گیا۔ لیکن اس کے باوجود عمران خان کے خلاف کوئی مقدمہ دائر نہیں کیا گیا جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ عمران کے ساتھ خصوصی برتائو کیا جارہا ہے۔ یہ ستم ظریفی ہے کہ عمران خان آصف زرداری پر توشہ خانہ سے گاڑیاں حاصل کرنے کا الزام لگا رہے ہیں جبکہ آصف زرداری نے نہ صرف ان گاڑیوں کی ادائیگی کی بلکہ ان کے پاس اب بھی وہی گاڑیاں موجود ہیں۔

وفاقی وزیر نے پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کی گرفتاری پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ شہباز گل نے نجی چینل پر ریاستی اداروں کے خلاف نازیبا زبان استعمال کی۔ انہوں نے سوال کیا کہ اگر شہباز گل کی بیان بازی پی ٹی آئی کی پالیسی نہیں جیسا کہ وہ دعوی کرتے ہیں تو پھر پی ٹی آئی اور عمران خان، شہباز گل کے خلاف ایکشن کیوں نہیں لے رہے؟ انہوں نے الزام لگایا کہ عمران خان کو اقتدار کی ہوس ہے اور پی ٹی آئی اور اس کے پیروکار صرف عمران خان کو دوبارہ اقتدار میں لانے کی خاطر ریاستی اداروں کو کمزور کرنے کے لیے سوشل میڈیا پر ریاست مخالف ٹرینڈ چلا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہیلی کاپٹر حادثے کا افسوسناک واقعہ جس میں ہمارے بہادر فوجی افسران نے جام شہادت نوش کیا اور اس نے پوری قوم کو گہرے رنج و غم میں مبتلا کر دیا، اس واقعہ کو پی ٹی آئی نے ایک سازش رچنے کے لیے استعمال کیا اور ایک ناشائستہ اور گھنائونی مہم شروع کی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس کا تفصیلی جائزہ لیا جائے،سازش کرنے والوں کے چہرے عوام کے سامنے لانے کے لیے انکوائری کرائی جائے تاکہ عوام کو پتہ چل سکے کہ قوم کے خلاف سازشیں کون کر رہا ہے اور عمران خان کس کے ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں۔

پی ٹی آئی کا سارا ڈرامہ پارٹی اور اس کی کرپٹ قیادت کو فارن فنڈنگ کیس سے نکالنے کے لیے رچایا جا رہا ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ''یہ ایک اوپن اینڈ شٹ کیس ہے اور اس کیس میں عمران خان نااہل اور ان کو 7سال قید کی سزا ہو سکتی ہے''۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان پہلے دن سے ہی نااہل ہیں کیونکہ ان کی جانب سے دائر کیے گئے تمام ڈیکلریشنز جھوٹے اور جعلی ڈیٹا پر مبنی تھے اور یہ کسی بھی عدالت میں ثابت کیا جاسکتا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات