رحیم یار خان ،ڈپٹی کمشنر کا شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ ، صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیا

جمعرات 11 اگست 2022 21:33

رحیم یار خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2022ء) ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔انہوں نے وائرلس پُل، ائیر پورٹ روڈ، بستی امانت علی، تعمیر ملت سکول گراؤنڈ، بلجیئم ،چوک، چوک پٹھانستان،گلشن عثمان، چک 72، بائی پاس روڈ، سوئی گیس چوک، خانپور اڈا، دڑی سانگھی کے علاقوں میں جاکر صفائی کی صورتحال کا معائنہ کیا۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو) ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی عبدالطیف خان، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی عمر ریاض سمیت دیگر متعلقہ حکام بھی ہمراہ موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ شہر میں صفائی ستھرائی کا عمل شہریوں کو ہوتا ہوا نظر آنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ کوڑا کرکٹ کو محفوظ انداز سے اٹھانے کے لئے تمام کلیکشن پوائنٹس کا از سر نو جائزہ لیا جائے اور شہر کے اہم مقامات پر موجود کلیکشن پوائنٹس پر ایم سی حکام فوری کنٹینرز فکس کرائیں تاکہ کوڑا کرکٹ اطراف کے ماحول کو آلودہ نہ کرے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہر میں صفائی یقینی بنانے کے لئے شہریوں کا تعاون ناگزیر ہے شہریوں کا تعاون حاصل کئے بغیر مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کئے جا سکتے اس کے لئے شہریوں میں آگہی فراہم کی جائے کہ وہ اپنے گھروں کو کچرا شاپنگ بیگ میں ڈال کر گھروں کے باہر یا کلیکشن پوائنٹس تک پہنچائیں جبکہ بازاروں و مارکیٹس کے لئے ایڈمنسٹریٹر اور چیف آفیسر تاجر رہنماؤں سے میٹنگ کریں کہ تمام دکاندار بھی اپنی دکانوں کی صفائی رات کو مکمل کریں اور کچرا شاپنگ بیگ میں ڈال کر دکانوں کے باہر رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ شہر کی صفائی بہتر بنانے کے لئے شہریوں اور تاجر برادری کو تعاون کرنا ہو گا۔انہوں نے ہدایت کی کہ ایم سی حکام ترجیحی بنیادوں پر تمام شاہراہوں کے اطراف میں دستیاب خالی جگہوں پر گرین بیلٹس قائم کریں جبکہ پہلے سے موجود گرین بیلٹس کی بھی دیکھ بھال جاری رکھی جائے۔انہوں نے شہر کے مختلف علاقوں میں عوامی تفریح کے لئے موجود پارکس اور گراؤنڈز کی حالت ترجیحی بنیادوں پر بہتر کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے بائی پاس روڈ اور سوئی گیس چوک پر کراؤن فیلیئر ہونے والی میگا سیوریج کی مین لائنوں کی درستگی کے بعد ان تمام مقامات پر روڈ کی از سر نو تعمیر کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں اور اہم شاہرات پر خصوصی توجہ دی جائے۔اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی عبدالطیف خان اور چیف آفیسر عمر ریاض نے تمام ہدایات پر فوری عملدرآمد کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے شہر کی مجموعی صورتحال بارے بریفنگ دی۔\378

متعلقہ عنوان :