آزادجموں وکشمیرالیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات 2022کیلئے انتخابی شیڈول کا اعلان کر دیا

جمعرات 11 اگست 2022 21:51

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2022ء) آزادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات 2022کے لیے انتخابی شیڈول کا اعلان کر دیا۔ آزادکشمیربھر میں بلدیاتی انتخابات 28ستمبر 2022کو ہوں گے،28ستمبرکو تمام اضلاع میں صبح 8بجے سے شام 4بجے تک پولنگ ہو گی۔ پی آئی ڈی کمپلیکس مظفرآباد میں چیف الیکشن کمشنرجسٹس ریٹائرڈ عبدالرشید سلہریا نے سینئر ممبر الیکشن کمیشن راجہ محمد فاروق نیاز اور ممبر الیکشن کمیشن فرحت علی میر کے ہمراہ الیکشن شیڈول کا اعلان کیا۔

سیکرٹری الیکشن کمیشن محمد غضنفر خان اور ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہر اقبال،الیکشن کمشنر بلدیات راجہ راشد محمود بھی اس موقع پر موجود تھے۔ میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ عبدالرشید سلہریا نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر ہونگے اس سلسلہ میں حکومت سے مشاورت کے بعد شیڈول جاری کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے ممبر الیکشن کمیشن فرحت علی میر نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے لیے 15اگست سے 22اگست شام 4بجے تک کاغذات نامزدگی جمع کروائے جا سکتے ہیں۔

23اگست کو ریٹرننگ افسران کی جانب سے کاغذات نامزدگیکی سکروٹنی کی جائے گی۔ 25اگست تک کاغذات نامزدگی کی مستردگی کے خلاف ٹریبونل کے پاس اپیلیں دائر کی جا سکیں گی جبکہ 26اور27اگست کو ان اپیلوں پر فیصلے دیے جائیں گے۔ ممبر الیکشن کمیشن کے مطابق 29اگست 2022دن 2بجے تک امیدواران کی جانب سے کاغذات واپس لیے جا سکیں گے۔ جبکہ 29اگست2022دن 2بجے کے بعد امیدواران کی فہرست شائع کی جائے گی۔

30اگست کو امیدواران کو انتخابی نشانات الاٹ کیے جائیں گے۔ جس کے بعد امیدواران کی حتمی لسٹ انتخابی نشانات کے ساتھ شائع کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کے بعد سرکاری ملازمین کی تقریروں، تبادلوں اور نئی آسامیوں کی تخلیق پر پابندی ہو گی۔ ناگزیر صورت میں الیکشن کمیشن سے اجازت لینا ہو گی۔ وزراء کرام براہ راست فنڈز تقسیم نہیں کر سکیں گے۔

سرکاری بجلی،پائپ،کھمبوں کی تقسیم اور نئی ترقیاتی سکیموں پر پابندی ہوگی۔ جلسے جلوسوں میں سرکاری وسائل کے استعمال پربھی مکمل پابندی ہوگی۔ انتخابی شیڈول کے اعلان بلدیاتی اداروں میں صوابدیدی عہدیداروں فارغ کر دیے جائیں گے۔ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی صورت میں سزا/جرمانہ کیا جا سکے گا جبکہ امیدوار کی نا اہلی کا بھی قانون موجود ہے۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے ضابطہ اخلاق کے بارے میں سیاسی جماعتوں سے مشاورت کی گئی ہے اور انکی تجاویز کو شامل کر کے آج ضابطہ اخلاق جاری کر دیا جائے گا۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ صاف و شفاف بلدیاتی انتخابات کے انعقاد اور امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے آزادکشمیر پولیس کے علاوہ پاکستان سے رینجرز اور دیگر سیکورٹی فورسز کی تعیناتی کے لیے تحریک کردی گئی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں فرحت علی میر نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے حوالہ سے لوگوں کو آگاہی فراہم کرنے اور شعور اجاگر کرنے کے لیے بھرپور میڈیا کمپین چلائی جائے گی۔