محکمہ اطلاعات وثقافت پنجاب کے زیر اہتمام پاکستان کے 75ویں یوم آزادی پر ڈائمنڈ جوبلی تقریبات کا آغاز

جمعرات 11 اگست 2022 22:04

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2022ء) محکمہ اطلاعات وثقافت پنجاب کے زیر اہتمام پاکستان کے 75ویں یوم آزادی کی مناسبت سے چار روزہ ڈائمنڈ جوبلی تقریبات کا آغاز ہوگیا، ڈائمنڈ جوبلی تقریبات میں پنجاب کی ثقافت اور ورثہ کو اجاگر کیا جا رہا ہے،پنجاب بھر میں ہاتھ سے بنائی گئی اشیا،ہارس رقص،فوک موسیقی اورروایتی کھانوں کے اسٹالز میلے کا حصہ ہیں،اس حوالے سے ایگزیکٹوڈائریکٹر الحمرا فرحت جبیں کا اپنے پیغام میں کہنا ہے کہ محکمہ اطلاعات وثقافت کی یہ کاوش اپنے تمدن کے اظہار کامظہر ہے،پنجاب کی دھرتی اپنے اسلاف کے سنہرے اصولوں،روایتوں کی حفاظت اور جذبوں کے احترام کی امین ہے، انہوں نے کہاکہ یہاں کے باسی بہت محبت کرنے والے ہیں،ان کی سوچ اعلی اورکام عمدہ ہے، محکمہ اطلاعات وثقافت نے شب و روز محنت کے بعد اتنا شاندار میلہ سجایا ہے،پنجاب کی دھرتی کے حوالے سے اظہار تشکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب کو قدرت نے حسین موسم دیئے ہیں،یہاں گلشن گلشن پھول کھلتے،جنوں خیز ہوائیں چلتی ہیں،تحریک آزادی کے قائدین کو سلام پیش کرتے ہیں،ان کی قربانیوں کی بدولت ہم سرخرو ہوئے، انہوں نے کہا کہ محکمہ اطلاعات وثقافت اپنی عظمتوں کے سفر کو فن و آرٹ کے ذریعے نئی نسل تک پہنچا رہا ہے،محکمہ اطلاعات وثقافت اپنی خدمات میں بے مثال،کارکردگی میں لازوال اور بھرپور عزم کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔