فوڈ اتھارٹی کارروائیاں ‘ مضر صحت اشیا خوردنی برآمد، متعدد دکانیں سربمہر

دیر لوئر میں زائد المعیاد اشیا مارکیٹ میں سپلائی کرنے پر گودام سربمہر کردیا گیا، بھاری جرمانہ عائد

جمعرات 11 اگست 2022 22:45

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2022ء) خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے صوبے کے مختلف علاقوں میں کاروائیاں کرتے ہوئے بڑی مقدار میں مضر صحت و ممنوع اشیا خوردنوش برآمد کرکے تلف کردی ہے۔ ضلع چارسدہ میں پشاور روڈ پر ایک دکان سے ممنوع و مضر صحت چائنہ سالٹ برآمد کیا گیا، جس پر متعلقہ دکان کو سربمہر کردیا گیا۔

جبکہ اس کے علاوہ چارسدہ کے تفریحی مقام سر دریاب کے قریب مختلف فش پوائنٹس کے معائنے کئے گئے، ہوٹل مالکان کو معیار میں بہتری کے حوالے سے نوٹسز جاری کئے گئے۔ کاروائی ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا فوڈ سفیٹی اتھارٹی شاہ رخ علی خان کی ہدایت پر کی گئی، جس کے دوران جرمانے بھی عائد کئے گئے۔ دیر لوئر میں تیمر گرہ بازار میں خوراک سے وابستہ مختلف کاروباروں کے معائنے کئے گئے، انسپکشن کے دوران ایک گودام سے بڑی مقدار میں زائد المعیاد اشیا خوردنوش برآمد کئے گئے، جیسے ضبط کرکے مالکان پر جرمانہ عائد کیا گیا۔

(جاری ہے)

برآمد ہونے والے اشیا خوردنوش 2018 میں زائد المعیاد ہوچکے تھے، تاہم ان پر تاریخ تسنیخ تبدیل کرکے مارکیٹ کو سپلائی کیا جاتا تھا۔ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق ضلع بنوں ڈی آئی خان روڈ پر رات گئے ناکہ بندی کی گئی، جس کے دوران پنجاب سے آنے والی دودھ کی گاڑیوں کو روکا گیا، اور دودھ کے نمونے لیکر جدید موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری کے ذریعے ٹیسٹ کئے گئے۔

انسپکشن کے دوران دودھ میں پانی کی ملاوٹ ثابت ہونے پر متعدد دودھ سپلائی کرنے والی گاڑیوں پر جرمانے عائد کئے گئے، اور ورننگ نوٹسز جاری کئے گئے۔ ضلع صوابی میں دکانوں سے ممنوع و مضر صحت اشیا خوردنوش برآمد کئے گئے، جس پر متعلقہ دکانداروں پر جرمانے عائد کئے گئے۔ اس کے علاوہ مختلف بیکری یونٹس کو صفائی ستھرائی کے حوالے سے آگاہی فراہم کی گئی۔