حکومت کا منی بجٹ کے ذریعے چار شعبوں پر مزید 40ارب ٹیکس لگانے کا فیصلہ

جمعرات 11 اگست 2022 22:49

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2022ء) حکومت نے چار شعبوں پر مزید 40ارب روپے ٹیکس کا بوجھ ڈالنے کیلئے منی بجٹ پر کام شروع کردیا۔ نجی ٹی وی نے ایف بی آر ذرائع سے ملنے والی اطلاع کے حوالے سے بتایا ہے کہ فرٹیلائزر، شوگر، تمباکو اور ٹیکسٹائل کے شعبے پر مزید ٹیکسز عائد کیے جانے کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

ایف بی آر ذرائع نے بتایا کہ ان چار بڑے سیکٹرز پر آئی ایم ایف ایگزیکٹیو بورڈ اجلاس سے قبل منی بجٹ اور آرڈیننس کے ذریعے ٹیکسز عائد کیے جا سکتے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف بی آر ان لینڈ ریونیو پالیسی ونگ منی بجٹ کے خدوخال پر کام کر رہا ہے، تاجروں کے بلوں سے فکسڈ ٹیکس ختم ہونے کے باعث ٹیکس اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ ٹیکس ختم ہونے والے 40 ارب روپے کے نقصان کو دوسرے طریقے سے پورا کیا جاسکے۔ایف بی آر حکام کے مطابق منی بجٹ اور آئی ایم ایف پر بریفنگ وزیراعظم آفس میں ہوگی اور پھر منظوری کے بعد جلد از جلد اقدامات کیے جائیں گے۔