ڈائمنڈ جوبلی یوم آزادی تقریبات کا آغاز یوم آزادی واک سے ہوگا ، کمشنر کراچی

جمعرات 11 اگست 2022 23:08

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2022ء) کمشنر کراچی محمد اقبال میمن نے کہا ہے کہ وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر سرپرستی اور چیف سیکرٹری سندھ محمد سہیل راجپوت کے تعاون سے پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی یوم آزادی کی باوقار تقریبات کا آغاز یوم آزادی واک سے ہوگا۔ جمعرات کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ اعلان انہوں نے اپنے دفتر میں اسپورٹس آرگنائزرز کی ایک میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ایڈشنل کمشنر کراچی دادلو ظہرانی ، اسسٹنٹ کمشنر عابد قمر شیخ ، کوآرڈینیٹر اسپورٹس غلام محمد خان ، نوید عالم ، دانش خان ، عبدالرزاق بلوچ ، محمد اخلاق ، شہزاد عالم اور اسد سجاد علی نے شرکت کی۔کمشنر کراچی محمد اقبال میمن نے کہا کہ حکومت سندھ اور خصوصا وزیر اعلی سندھ ، چیف سیکرٹری سندھ کی دلی خواہش ہے کہ پاکستان کا ٖڈائمنڈ جوبلی سال بے مثال اور تاریخی انداز میں منعقد کیا جائے اور میں ان کی اس خواہش کو پورا کرونگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میری یہ خواہش ہے کہ جس طرح کرکٹ ٹورنامنٹ کے مقابلے بے مثال انداز میں منعقد ہوئے ہیں، اسی طرح اور مقابلے بھی اسی انداز میں منعقد ہوں۔ انہوں نے اسپورٹس آرگنائزر کو یقین دہانی کرائی کہ ان مقابلوں میں ہر قسم کی مدد کراچی کی انتظامیہ مہیا کرے گی۔ کمشنر کراچی نے کہا کہ یوم آزادی کے پروگراموں کے بعدیوم دفاع پر بھی ہاکی ، کراٹے ، باکسنگ ، جمناسٹک اور سائیکلنگ کے مقابلے منعقد کئے جائینگے۔

اس موقع پر اسپورٹس آرگنائزرز نے کمشنر کراچی کے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ ہماری اولین کوشش ہوگی کہ کراچی پورے ملک میں یوم آزادی کے پروگرام میں صف اول کا بنے اور ان کھیلوں کے مقابلے شایان شان اور نظم و ظبط کے ساتھ ہونگے۔ کمشنر کراچی نے آخر میں بنک اسلامی کے صدر سید عامر علی اور بنک انتظامیہ کاافیسٹول اسپانسر کرنے پر اظہار تشکر کیا ۔