Live Updates

مریم اورنگزیب ہر وقت کینڈی کرش کھیلتی رہتی ہیں

ہم نے پی ٹی وی کو خسارے سے نکال کر منافع والا ادارہ بنا دیا تھا، سرکاری ٹی وی ریٹنگ میں اوپر جا رہا تھا انہوں نے اس کا بھی بیڑہ غرق کر دیا ہے، وزیر اطلاعات کو نقصان کی کوئی پرواہ نہیں ہے، فواد چوہدری کا الزام

muhammad ali محمد علی جمعرات 11 اگست 2022 23:47

مریم اورنگزیب ہر وقت کینڈی کرش کھیلتی رہتی ہیں
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 اگست2022ء) فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ وزیر اطلاعات نے پی ٹی وی کا بیڑا غرق کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ پی ٹی آئی رہنما کا کہنا ہے کہ مریم اورنگزیب ہر وقت کینڈی کرش کھیلتی رہتی ہیں، ہم نے پی ٹی وی کو خسارے سے نکال کر منافع والا ادارہ بنا دیا تھا، سرکاری ٹی وی ریٹنگ میں اوپر جا رہا تھا انہوں نے اس کا بھی بیڑہ غرق کر دیا ہے، وزیر اطلاعات کو نقصان کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ ہم پر دباؤ، زور اور جبر سے کہا جاتا ہے کہ انکی حکومت کو تسلیم کرو،پاکستان کے عوام نے یہ حکومت نہیں بنائی،پاکستان میں وہی حکومت تسلیم کی جائیگی جو عوام بنائے گی۔

(جاری ہے)

فواد چوہدری نے کہا کہ شریف اور زرداری خاندان اس ملک میں آتے لوٹتے اور واپس چلے جاتے ہیں،یہ پاکستان میں تو صرف بادشاہت کرنے آتے ہیں ان کا آبائی گھر تو لندن ہے۔

انہوں نے کہاکہ یہ لوگ عالمی پپٹ ہیں اور انٹرنیشنل ایجنڈے پر ہیں جو ملک کی معیشت تباہ کرنے کیلئے بٹھائے گئے ہیں، ان کی وجہ سے پا کستان مزیدمشکلات میں جائیگا،اس وقت انکا ایک ہی طریقہ ہے کہ لوگوں کو دبایا جائے،یہ سمجھ رہے ہیں کچھ میڈیا گروپس مینج کر لیے اب عوام کو بھی کرلیں گے۔انہوں نے کہا کہ ملکی حالات پہلے ہی خراب تھے اب مزید خراب کرنے کی کوشش ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ عالمی منڈی میں تیل 90 ڈالر فی بیرل پر آگیا ہے، اس وقت تو تیل کی قیمت میں 50 روپے کم ہونا چاہئیں۔ انہوں نے کہاکہ آج ہماری ایکسپورٹ27 فیصد گرگئی ہے،بجلی قیمتیں اتنی بڑھادیں کہ لوگوں کے بس سے باہر ہوگئی ہیں، دنیا بھر میں پام آئل کی قیمتیں کم ہوئیں تاہم پاکستان میں بڑھا دی گئیں،وہ سفید پوش لوگ جن کی ماہانہ آمدن 25 ہزار سے لیکر 2 لاکھ تک ہے انکی کمر ٹوٹ گئی ہے تاہم وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کو اس سے غرض نہیں وہ کہتے ہیں کہ میرا مہنگائی اور قیمتوں سے لینا دینا نہیں بینک کرپٹ سے بچا رہا ہوں۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پاکستان کے عوام اور فوج ایک دوسرے سے الگ نہیں، جس طریقے سے تقسیم کی کوشش کی گئی یہ افسوسناک ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ یہ لوگ عمران خان کے کہنے پر مہم چلا رہے ہیں۔ عمران خان نے جو کچھ بھی کیا وہ عوام کیلئے کیا ہے۔فواد چوہدری نے کہا کہ اب حقیقی آزادی کا آخری مرحلہ شروع ہوگیا ہے پرسوں لاہور میں پی ٹی آئی عظیم والشان اجتماع کرنے جا رہی ہے،لاہور کے دل تحریک انصاف کیساتھ دھڑکتے ہیں، لاہوری ثابت کریں گے کہ وہ پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات