امریکی اٹارنی جنرل کی طرف سے ڈونلڈ ٹرمپ کے گھر پر چھاپے کی منظوری دینے کی تصدیق

جمعہ 12 اگست 2022 11:10

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2022ء) امریکی اٹارنی جنرل میرک گارلینڈ نے تصدیق کی ہے کہ سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کےریاست فلوریڈا میں گھر پر چھاپے کی منظوری انہوں نے دی تھی، انہوں نے سابق صدر کے گھر کی تلاشی کے لئے جاری ہونے والے سرچ وارنٹ کو عوام کے سامنے لانے کی درخواست بھی کی جو ایک غیر معمولی اقدام ہے ۔

(جاری ہے)

فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق انہوں نے گزشتہ روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی عدالت کی جانب سےسابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں سرچ وارنٹ کا اختیار دیا گیا جس کے باعث انہوں نےصابق صدرکے گھر کے سرچ وارنٹ کی منظوری دی۔

انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنی اخلاقی ذمہ داریوں کے تحت چھاپے کی بنیاد کی تفصیلات نہیں بتائیں ۔گارلینڈ نے کہا کہ انہوں نے فلوریڈا کے جج سے سرچ وارنٹ کی تفصیلات جاری کرنے کے لیے کہا ہے کیونکہ سابق صدر اپنے گھر کی تلاشی کی تصدیق کر چکے ہیں اور اس معاملے میں عوام نے کافی دلچسپی کا اظہار کیا ہے جس کی وجہ سے تفصیلات جاری ہونی چاہیئں۔ واضح رہے کہ ایف بی آئی نے رواں ہفتے کے آغاز میں سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے فلوریڈا کے پام بیچ میں واقع ان کے گھر پر چھاپہ مارا تھا۔