سیرا لیون، مہنگائی بے قابو، عوام کا احتجاج، صدر سے مستعفی ہونے کا مطالبہ

جمعہ 12 اگست 2022 12:46

سیرا لیون، مہنگائی بے قابو، عوام کا احتجاج، صدر سے مستعفی ہونے کا مطالبہ
فری ٹاؤن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2022ء) افریقی ملک سیرا لیون میں مہنگائی بے قابو ہونے کے باعث عوام صدر مملکت جولیئس مادا بائیو سے فوری مستعفی ہونے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق سیرا لیون میں مہنگائی اور ایندھن کے بحران نے عوام کا جینا اجیرن کردیا ہے۔ مہنگائی کی ستائی عوام اپنے مطالبات کی منظوری کے لئے سڑکوں پر نکلی تو حکومت کی جانب سے کرفیو نافذ کردیا گیا۔

سیرا لیون کے دارالحکومت فری ٹاؤن کی سڑکوں پر احتجاجی مظاہرین نے حکومت مخالف نعرے بازی کی اور ٹائرز بھی نذر آتش کیے۔ مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے پولیس کی جانب سے فائرنگ اور آنسو گیس کا استعمال کیا گیا جس میں متعدد افراد ہلاک ہو گئے۔ بازاروں کی بندش کے باعث شہریوں کو ضروری اشیاء کی خریداری میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑھ رہا ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب سیرالیون کے صدر جولیئس مادا بائیو کا کہنا ہے کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ ہر شہری کو تحفظ فراہم کرے، کسی بھی فرد کو قانون ہاتھ میں لینے کی جازت نہیں ہے، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

نائب صدر محمد جولدہ جالو نے سرکاری ٹی وی پر کہا ہے کہ ملک بھر میں احتجاج کے دوران ہلاکتوں میں پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ واضح رہے کہ ملک بھر میں ڈاکٹروں نے تنخواہوں کی عدم ادائیگی مراعات میں کمی کے باعث گزشتہ کئی روز سے ہڑتال کر رکھی ہے۔