Live Updates

تحریک انصاف کے 4 سالہ دور حکومت میں چشتیاں شہر اور دیہات میں کوئی کام نہیں ہوا ،ممبر قومی اسمبلی (مسلم لیگ ن ) چوہدری احسان الحق باجوہ

جمعہ 12 اگست 2022 15:40

چشتیاں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2022ء) مسلم لیگ ن کے ممبر قومی اسمبلی چوہدری احسان الحق باجوہ نے کہا ہے کہ منچن آباد کی طرح صوبائی اسمبلی حلقہ 241 چشتیاں کا ضمنی الیکشن بھی بھاری اکثریت سے جیتیں گے۔انہوں نے اپنے ڈیرہ پر انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ انہوں نے 2013-18کے دوران پانچ سالوں میں بطور ایم پی اے چشتیاں شہر اور دیہات کی کارپٹ سڑکات،تحصیل ہسپتال چشتیاں کی اپ گریڈیشن کے تحت آرتھوپیڈک یونٹ،دل وارڈ ،تعمیر کرائے۔

ڈاکٹروں کی تعداد15سے بڑھا کر 80کرادی،کشادہ ڈبل ریلوے پھاٹک ،شہر کے داخلی دوخوبصورت گیٹس،110کروڑ روپئے کا میگا سیوریج منصوبہ تعمیر کرایا،1122سروس،تھانہ بی ڈویژن کا اجرا کے علاوہ دیہات میں سینکڑوں ترقیاتی وتعمیراتی کام مکمل کرائے جس کی سابقہ 70 سال میں مثال نہیں ملتی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے 4سالہ دور حکومت میں چشتیاں شہر اور دیہات میں کوئی کام نہیں ہوا جبکہ عمران حکومت نے پاکستان کو معاشی اور معاشرتی طور پر سخت نقصان پہنچایا اور ایسے حالات میں جب تحریک انصاف کے لیڈروں پر بددیانتی اور کرپشن ثابت ہوچکی ہے اور اپنی کرتوتوں کی بدولت وہ جلد نااہل ہوجائیں گے تو انکی جماعت پی ٹی آئی سے پی ٹی گئی بن جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ چشتیاں کے صوبائی اسمبلی حلقہ 241 کے ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ ن کے امیدوار چوہدری امان اللہ باجوہ بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریں گے۔اس موقع پرن لیگ کے سابق ممبر صوبائی اسمبلی حاجی محمد اکرم،سابق ایم پی اے چوہدری کاشف محمود نے بھی خطاب کیا ۔سٹیج سیکرٹری کے فرائض رانا علی اختر نے انجام دئے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات