تل زعترقتل عام کے 46 سال، حماس کا ایک بار پھر تحقیقات کا مطالبہ

لبنان میں عیسائیوں کی طرف سے تل الزعتر کیمپ میں ہمارے فلسطینی عوام کے خلاف گھنائونا قتل عام کیا گیا ہے،رپورٹ

جمعہ 12 اگست 2022 16:24

بیروت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2022ء) لبنان کے دارالحکومت بیروت کے قریب 12 اگست 1976 کو تل زعتر پناہ گزین کیمپ پر نہتے فلسطینیوں کے وحشیانہ قتل عام کے 46 سال مکمل ہونے پر حماس نے اس واقعے کی ایک بار پھر تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

میڈیارپورٹس کے مطابق اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے ترجمان جہاد طہ نے کہا کہ لبنان میں عیسائیوں کی طرف سے تل الزعتر کیمپ میں ہمارے فلسطینی عوام کے خلاف جو گھنائونا قتل عام کیا گیا ہے اس کی شفاف تحقیقات ہر وقت کی ضرورت ہے جب تک اس واقعے کی تحقیقات نہیں ہوجاتیں اور مجرموں کو سزا نہیں ہوتی ہم اس کے حوالے سے آواز بلند کرتے رہیں گے۔

طحہ کے حوالے سے کہا گیا کہ خونریزی اور ہزاروں شہیدوں اور زخمیوں کے باوجود فلسطینی عوام اپنے مکمل حقوق پر قائم ہیں جن میں سب سے آگے فلسطینی قومی سرزمین پر واپسی کا ان کا حق ہے۔ ان کا مزاحمتی منصوبہ جو انہیں آزادی اور واپسی کی طرف لائے گا۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ یہ قتل عام اور یہ بے گناہ خون فلسطینی عوام کے آزادی اور واپسی کے راستے کو جاری رکھنے کے عزم میں اضافہ کرے گا۔طحہ نے لبنانی ریاست سے مطالبہ کیا کہ وہ اس قتل عام کے حالات کوسامنے لائے اور اس کا ارتکاب کرنے والے مسیحی برادری کے تمام عناصر کو کٹہرے میں کھڑا کرے۔