سینیٹر عاجز دھامرہ کاغریب آباد کالونی میں گیس لیکج دھماکے کے باعث قیمتی جانی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار

جمعہ 12 اگست 2022 17:19

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2022ء) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے سیکریٹری اطلاعات سینیٹر عاجز دھامرہ نے اپنے حلقے پی ایس 66غریب آباد کالونی کے ایک گھر ،جس میں گزشتہ روز گیس لیکیج ہونے کے باعث دھماکے میں قیمتی جانی نقصان ہوا تھا، کا دورہ کیا۔ انہوں نے اس افسوسناک واقعہ پر دکھ کا اظہار کیا اور لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل کی توفیق عطاء فرمائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے زخمیوں کی جلد مکمل صحتیابی کے لئے بھی دعا کی۔ اس موقع پر سینیٹر عاجز دھامرہ کا کہنا تھا کہ دکھ کی اس گھڑی میں ہم سوگوار خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں اور آتشزدگی کے باعث کراچی لے جائے گئے زخمیوں کو سندھ حکومت کی جانب سے بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات دے دی گئی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ سے آتشزدگی کے باعث جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین اور متاثرہ خاندان کی مالی امداد کے لئے گزارش کی ہے جس پر وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے انہیں متاثرہ خاندان کو مالی امداد فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔