موجودہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں تعلیم کے فروغ کے لیے نہایت سنجیدہ ہیں ،وفاقی وزیر سید خورشید احمد شاہ

جمعہ 12 اگست 2022 19:25

موجودہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں تعلیم کے فروغ کے لیے نہایت سنجیدہ ہیں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2022ء) وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ نے سکھر کی فرینڈز کوآپریٹو سوسائٹی میں دی امریکن لائیسٹف انٹرنیشنل جونیئر اینڈ ہائرسیکنڈری اسکول کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ موجودہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں تعلیم کے فروغ کے لیے نہایت سنجیدہ ہیں اسی سلسلے میں سرکاری اسکولوں کے علاوہ فلاحی اداروں سمیت سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے تعاون سے معیاری تعلیم کی فراہمی کے لیے کوششیں جاری ہیں سکھر میں دی امریکن لائیسٹف انٹرنیشنل اسکول کا قیام بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے تاکہ سکھر کے بچوں کو معیاری تعلیم میسر آسکے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے صوبے میں پرائمری شعبے کی تعلیم پر مکمل توجہ دی جارہی ہے تاکہ دیہات کے علاقوں میں رہائش پذیر غریب خاندانوں کے بچے بھی معیاری تعلیم حاصل کرسکیں۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر سید خورشید احمد شاہ نے کہا کہ صوبے کے سرکاری پرائمری شعبے کی تعلیم کو فروغ دینے کے لیے سندھ حکومت کی جانب سے ہر ضلع کے اندر اسکولوں میں فرنیچر، مفت کتابیں فراہم کی جارہی ہیں، اس کے علاوہ اسکولوں کی معلومات لے کر زبوں حال اسکولوں کی مرمت اور تعمیرات کے لیے بھی ترجیحی بنیادوں پر کام کررہی ہے ۔

نئی اے ڈی پی میں اسکولوں کوشامل کرکے ازسر نو تعمیر کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں سید خورشید احمد شاہ نے کہا کہ سکھر آئی بی اے پبلک اسکول میں 40 نئے رومز کی تعمیر کی جائے گی تاکہ معیاری اسکولوں میں طلبہ کے داخلوں کی گنجائش میں اضافہ کیا جائے۔ اس موقع پراسکول کی چیئرپرسن میڈم ذیشان ضیاء راجا، تنویر احمد راجپوت سمیت دیگر انتظامی افسران موجود تھے۔